شاداب خان کی 113 رنز کی ناقابل شکست شاندار پرفارمنس میچ کے واحد ہیرو کے طور پر سامنے آئے
کپتان شاہین آفریدی بھی 4 وکٹکے ساتھ نمایاںرہے لیکن 154پر 9 وکٹکھونے کے بعد شاداب نے نیہا پار لگائی
پاکستان نے 242 رنز کا ہدف 48 ویں اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور فائنل میں جگہ بنالی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے تین ملکی کرکٹ سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ کو ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے.
اتوار کے روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم 47 ویں اوورز میں 241 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تاہم 242 رنز کا ہدف پاکستان نے 48 ویں اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ پاکستانی بولرز نے درست ثابت کیا، شاہین شاہ آفریدی نے ابتدا میں انگلش بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا اور ٹاپ آرڈر کے اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ٹام بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کرکے انگلینڈ کو ابتدائی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے تیسرے اوور میں جو روٹ کو 5 رنز پر پویلین بھیج دیا جب کہ 19 کے مجموعی اسکور پر کپتان ہیری بروک ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 52 رنز پر گری، جب جارڈن کاکس 6 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ابتدائی 4 وکٹیں 52 رنز پر گرنے کے بعد بین ڈکٹ اور سیم کرن نے اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 93 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ سیم کرن 52 گیندوں پر 42 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
بعد ازاں 175 رنز پر انگلینڈ کا چھٹا نقصان اٹھانا پڑا اور ول جیکس 13 رنز بناکر رضا اللہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا تو وہی دوسری طرف اوپنر بین ڈکٹ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اوراور اپنی سنچری مکمل کی۔انگلینڈ کا اسکور 187 رنز تک پہنچا تو بین ڈکٹ بھی عرفات منہاس کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 111 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔اس کے علاوہ لیام ڈاسن 5 رنز اور جیمی اوورٹن 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ہنری کروکومب 8 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا چوتھا شکار بنے جب کہ گس ایٹکنسن 28 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 3 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 8.4 اوورز میں 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ عرفات منہاس اور رضااللہ نے 2،2 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ شاداب خان کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
اس طرح انگلینڈ کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 46.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 242 رنز کا ہدف دے دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی وکٹیں بھی پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں۔ فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور بابر اعظم 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ سعد بیگ نے 32 اور سلمان علی آغا نے 26 رنز بنائے، حسن نواز 15 رنز بناسکے۔
پاکستان کی 154 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان اور حارث رؤف انگلینڈ کے بولرز کے سامنے چٹان بن گئے۔ شاداب خان نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے بازی پلٹ دی اور ون ڈے کریئر کی پہلی سنچری بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور سنسنی خیز مقابلے بعد انگلینڈ کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔
اس موقع پر حارث رؤف نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور وکٹ کو سنبھالے رکھا۔ آخری وکٹ کی شراکت میں شاداب اور حارث نے 89 رنز بنائے جب کہ 97 رنز کے انفرادی اسکور پر شاداب خان کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا تھا تاہم ریویو میں وہ ناٹ آؤٹ قرار دیے گئے۔ اس کے بعد ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔شاداب خان نے 96 گیندوں پر 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے جب کہ حارث روؤف 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن نے 3 وکٹیں حاصل کیں، گس ایٹکنسن اور لیام ڈاسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموںنے قذافی اسٹیڈیم میں 21 سال بعد ون ڈے میچ کھیلا.
انگلینڈ کے خلاف آج کے میچ میں پاکستان ٹیم میں2 تبدیلیاں کی گئیں . نسیم شاہ اور فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے رضا اللہ اور شاداب خان کو قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا . رضا اللہ نے ون ڈے کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔
یاد رہے سہ ملکی سیریز کے پہلے 3 میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے تھے، جہاں پاکستان نے اپنے ابتدائی دونوں میچز میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی، قومی ٹیم نے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز اور انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔
اسی طرح سری لنکا ایک میچ میں فاتح رہا دوسرے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ انگلینڈ اپنے پہلے دونوں میچز ہار چکا ہے۔
بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم کے سلسلے میں قومی ٹیم کے کھلاڑی آج کے میچ میں گلابی کٹ پہن کر میدان میں اترے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانا اور اس مرض کی بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
اس میچ میں قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں 150 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا. شاہین آفریدی اس میچ میں انگلش اوپنر ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے پہلے پاکستانی فاسٹ بولرز بن گئے ہیں جنہوں نے کم ترین میچز میں 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کیں
وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں جب کہ ثقلین مشتاق نے 78 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔



