
داکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور نے اپنی شادی والے دن والدہ کا عروسی جوڑا زیب تن کیا تھا جن کا کہنا ہے کہ یہ میرا سب سے بہترین فیصلہ تھا۔شوبز کو خیرباد کہنے والی نیمل نے سوشل سائٹ انسٹا پر اپنی پوسٹ میں مداحوں کے ساتھ شیئر کیا کہ انہوں نے شادی کے لیے والدہ کے جوڑے کا ہی انتخاب کیوں کیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ نیمل کی میک اپ اور ہیئر اسٹائلسٹ بھی وہ خود ہی تھیں۔انسٹا پر انہوں نے بتایا، جس لمحے مجھے اپنی شادی کا علم ہوا میں جانتی تھی کہ مجھے اپنی امی کے نکاح کا جوڑاپہننا ہے۔ مجھے ہمیشہ سے پرانا فیشن اورعروسی جوڑے کی نزاکت اپنی جانب کھینچتی تھی۔ اس کے علاوہ ماں کا جوڑا پہننے سے ایک جذباتی لگاؤ بھی پیدا ہوتا ہے۔
نیمل خاور نے اپنی والدہ کے جوڑے میں جدید تراش خراش کے ساتھ نیا پن لانے والی ڈیزائنر کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ماہین شاہ نے جوڑے کی نزاکت اور خالص پن برقرار رکھتے ہوئے اسے بالکل ویسا بنانے میں میری مدد کی جیسا میں چاہتی تھی اور جو مجھ پر اچھا لگے۔
عروسی جوڑے کیلئے اپنی پسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے نیمل نے لکھا کہ میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ یہ میرا بہترین فیصلہ تھا۔ میں نے اپنے بال خود بنائے اور میک اپ بھی خود ہی کیا کیونکہ میں یہ سب سادہ رکھنا چاہتی تھی۔نئی دلہن نے مشورہ دیتے ہوئے مزید لکھا کہ آپ کی شادی کا دن خوشگوار ہونا چاہیئے جس سے آپ پوری طرح لطف اندوز ہوسکیں۔ اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا اگر آپ بھاری زیورات نہیں پہننا چاہتے۔ آپ کا سکون اور خوشی سب سے اہم چیز ہے۔یاد رہے کہ مداحوں کو حمزہ علی عباسی اور نیمل کی شادی 25 اگست کو اسلام آباد میں سادگی سے ہوئی اور 26 اگست کو ولیمہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔



