ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے
سماجی تحفظ اور تخفیف غربت مقرر
ڈاکٹر سلمان شاہ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب مقرر
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت مقرر کردیا۔
کابینہ ڈویژن نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ان کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا جبکہ تعیناتی کا اطلاق بھی فوری طور پر ہوگا۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی تعیناتی کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 48 ہوگئی، جس میں 24 وفاقی وزرا، 5 وزیر مملکت، 5 مشیر اور وزیراعظم کے 14 معاون خصوصی شامل ہیں۔
دوسری جانب مشیر وزیراعلیٰ پنجاب اکرم چوہدری کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا اور ان کی جگہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو مشیر وزیراعلی پنجاب مقرر کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے نئے تعینات مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ پنجاب کے پاس بے شمار وسائل موجود ہیں، پنجاب میں 50 شہر ایسے ہیں، جو اپنے علاقوں کا معاشی گڑھ بن سکتے ہیں۔
ڈاکٹر سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب اپنی صلاحیتوں کے مطابق معاشی ترقی نہیں کر پایا، پنجاب کی معیشت 3 سے 4 گنا بڑی ہوسکتی ہے، ہمیں صرف صحیح پالیسیوں کا تعین کرنا ہے۔





