نومولود بچہ کھیت میں زندہ دفن، کتے نے بچا لیا

  • Ping Pong the dogتصویر کے کاپی رائٹKHAOSOD
کتے نے زمین میں زندہ دفن نومولود بچے کو ڈھونڈنے کے بعد بھونک بھونک کر لوگوں کو اس طرف متوجہ کیا

شمالی تھائی لینڈ میں ایک کتے نے ایک نومولود بچے کی جان اس وقت بچا لی جب بچے کو مبینہ طور پر اس کی نوجوان ماں نے زندہ دفن کر دیا تھا۔

اس بچے کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس کی 15 سالہ ماں نے اپنے والدین سے حمل چھپانے کے لیے ایسا کیا۔

بان نونگ خام گاؤں میں پنگ پونگ نامی کتا کھیت میں ایک مقام پر بھونک رہا تھا اور کھودنے کی کوشش کر رہا تھا۔ کتے کے مالک نے کہا کہ اس وقت انھیں ایک بچے کی ٹانگ نظر آئی۔

مقامی لوگ بچے کو فوراً ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے بچے کو چیک کرنے کے بعد نہلا کر اسے صحت مند قرار دیا ہے۔

پنگ پونگ کے مالک اوسا نسائیخا نے بتایا کہ پنگ پونگ کی ایک ٹانگ کام نہیں کرتی کیونکہ ایک گاڑی اسے مار گئی تھی۔

انھوں نے ایک مقامی اخبار کو بتایا ’میں نے اسے اسی لیے رکھا کیونکہ یہ انتہائی وفادار اور تابعدار ہے۔ میں جب بھی اپنی بھینسوں کی دیکھ بھال کے لیے جاتا ہوں تو یہ میری مدد کرتا ہے۔ اسے پورا گاؤں ہی پسند کرتا ہے۔‘

Ping Pong and its owner Usa Nisaikhaتصویر کے کاپی رائٹKHAOSOD

ادھر اس بچے کی ماں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ فل الحال یہ 15 سالہ ماں اپنے والدین اور ایک ماہرِ نفسیات کے پاس ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ماں اپنے کیے پر رنج و غم کا اظہار کر رہی ہے۔ اس لڑکی کے والدین نے بچے کو پالنے کی حامی بھری ہے۔