آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی ، 5 ٹائٹل نام کرلیے

مردوں میں حذیفہ شاہد، ابراہیم زیب اور یحیٰ خان نے میڈل جیتا ،پشاور کی دو سگی بہنوں مہوش اور ماہ نور نے بھی تاریخ رقم کر دی
چیمپئین شپ میں بحثیت مجموعی بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی اور انہوں نے اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کیا

میلبرون آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستانی اسکواش کھلاڑیوں نے متعدد ٹائٹل جیت اسکوائش کے کھیل میں اپنا شاندار ماضی یاد دلاتے ہوئے عید کی خوشیاں دوبالا کردی ہیں ۔آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش میں پاکستان سے دو بہنوں سمیت 5 کھلاڑیوں نے ٹائٹل اپنے نام کیے۔ مہوش علی نے انڈر17 کیٹیگری کا جبکہ ماہ نورعلی نے انڈر13 کیٹیگری کا گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
گرلز کیٹیگری میں مہوش علی نے فائنل میں ملائیشین کھلاڑی کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ ماہ نور نے جاپانی کھلاڑی کو شکست دیکر ٹائٹل جیتا۔
دوسری جانب بوائز کیٹیگری میں پاکستان کے حذیفہ شاہد نے انڈر13 کیٹیگری میں ٹائٹل جیت لیا۔ حذیفہ نے ملائیشین کھلاڑی اونگ ہنگ یو کو 6-11، 3-11 اور 2-11 سے ہرایا۔ابراہیم زیب نے انڈر17 کیٹیگری کا ٹائٹل جیتا اور ٹاپ سیڈ نیوزی لینڈ براڈی بونیٹ کو شکست دی۔یحیی خان نے انڈر 15 کیٹگری میں گولڈ میڈل حا صل کیا۔
ملبورن میں منعقدہ آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش چیمپئین شپ میں بحثیت مجموعی بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی اور انہوں نے اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ گرلز انڈر 17 ایونٹ کی سیڈ 2 مہوش علی نے فائنل میں ین یی لی کوجان توڑ مقابلے کے بعد 38 منٹ میں 2-3 سے قابو کرکے پاکستان کو ٹائیٹل دلوادیا۔گرلز انڈر13 ایونٹ میں سیکنڈ سیڈ اور مہوش علی کی چھوٹی بہن ماہ نور علی نے ٹاپ سیڈ ایملی سینیئر کو شکست دے کر اپسیٹ فتح حاصل کی۔ ماہ نور نے فائنل میں 20 منٹ کی تگ ودو کے بعد 0-3 کی فتح کے ساتھ سے ٹائیٹل پر قبضہ جمایا، ان کی سب سے چھوٹی بہن سحرش علی کوکوارٹر فائنل میں ایمیلی سینیئر نے 37 منٹ کی سخت تگ و دو کے بعد 2-3 سے ہرادیا۔
بوائز انڈر17 کے فائنل میں ابراہیم زیب نے فتح پائی، بوائز انڈر 15 ایونٹ میں یحیی خان نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی، 24 ویں سیڈ کے حامل یحیی خان نے ہینری کراس کو 22 منٹ کی جدوجہد کے بعد 0-3 سے زیر کرکے چیمپین بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان کے اذان علی خان کو سیمی فائنل میں ہینری نے مات دی تھی، گرلز انڈر 15 ایونٹ میں سیدہ سارہ علی کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی الیوا وان زون سے مات کھا گئیں۔
بوائز انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان نیوی سے تعلق رکھنے والے ٹاپ سیڈحزیفہ شاہد نے سیڈ2اونگ لیونگ یو کو محض 12 منٹ میں 30 سے قابو کر کے پاکستان کا پرچم بلند کردیا، پاکستان کے محمد فواد خان اس ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں ہمت ہار گئے تھے۔
بوائز انڈر 11 ایونٹ میں ٹاپ سیڈ پاکستان آرمی کے راجہ محمد ارماس علی اپنے حریف ایڈورڈ الیم سے کوارٹر فائنل میں ہار گئے، مریم ابراہیم گرلز انڈر11 ایونٹ کے سیمی فائنل تک محدود رہیں، گرلز انڈر 15 ایونٹ میں سیدہ سارہ علی کوارٹر فائنل میں مات کھا گئیں۔
یاد رہے کہ چیمپئین شپ میں شریک تمام پاکستانی کھلاڑی اپنے ذاتی خرچے پر ایونٹ میں شریک ہوئے۔