اسلام آباد …..پاکستان ورکرز فیڈریشن/ ایل اوایف ٹی ایف اور سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے باہمی تعاون سے ایک روزہ سیمینار بعنوان "انڈسٹریل ریلیشن ایکٹ 2012 ء اور میڈیا "اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور آئی ایل او گورننگ باڈی کے ممبر محمد ظہور اعوان ،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد شوکت انجم ،ڈاکٹر محمد اسحاق ،خورشید احمد سمیت الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا کے صحافیوں نے شرکت کی ،سیمینار میں ڈاکٹر محمد اسحاق نے صحافیوں کو آئی آر اے ،مزدوروں کے مسائل ،کم از کم اجرت ،EOBI،سوشل سیکورٹی سمیت دیگر مسائل پر شرکاء کو آگاہ کیا ،سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ہم پاکستان ورکرز فیڈریشن اور ایل او ایف ٹی ایف کا سیمینار منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں ،صحافی بھی ہماری برادری ہے اورہم ہاتھوں کے مزدور ہیں جبکہ یہ قلم کے مزدور ہیں اور ہمارا مستقبل اور مسائل ایک ہیں ،جب تک ہم مل کر ان مسائل کو اجاگر نہیں کریں گے تب تک مزدور تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی اس لیے ہمیں اپنے حقوق کے لیے ملکر جدوجہد کرنا پڑے گی ،صحافی برادری اپنی قلم کی بدولت پاکستان بھر کے محنت کشوں کو درپیش مسائل کو بہتر طور پر اجاگر کر کے حکمرانوں اور ایوانوں تک پہنچانے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے اور شعبہ صحافت جو خود بھی اس ملک کا اہم ترین ستون ہے اور اس شعبہ سے وابستہ صحافی حضرات جو درحقیقت محنت کش کا ہی ایک روپ ہے بے شمار مسائل کا شکار ہے اور صحافی برادری متحد ہو کر اپنے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے جس طرح کسی ادارے میں ٹریڈ یونین اور اسکے نمائندے اپنے محنت کشوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرتے ہیں اسی طرح صحافی برادری کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے مسائل کے حل کی خاطر ہم آواز ہو جائیں ۔


