عید الفطر،آرمی چیف کی جوانوں کیساتھ لائن آف کنٹرول پر نماز کی ادائیگی

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مجاہد انور خان نے آپریشنل بیس پر عملے کے ساتھ جبکہ بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے عید کی نماز نیول کمپلیکس میں ادا کی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید الفطر کی نماز کنٹرول لائن پر موجود جوانوں کے ساتھ ادا کی۔ اس موقع پر ملک و قوم کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے عید الفطر کے موقع پر کنٹرول لائن کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید گزاری۔ اس موقع پر آرمی چیف نے نماز عید بھی ساتھ ادا کی، جہاں ملکی سلامتی، امن اور استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ قوم پراحسان نہیں، یہ اقدام ہر قسم کے حالات میں یکجہتی کےعزم کا اعادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ حالات کا تقاضا ہے، تاہم اس سے دفاعی صلاحیت متاثر نہیں ہوگی ، تنخواہ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ صرف افسران کا ہے، اس فیصلے کا اطلاق جوانوں پر نہیں ہوگا۔

دوسری جانب پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مجاہد انور خان نے بھی آپریشنل بیس پر عملے کے ساتھ عید کی نماز ادا کی، جس میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

ائیر چیف نے اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود عملے کے جذبے کی تعریف، جب کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے عید کی نماز نیول کمپلیکس میں ادا کی اور اپنے پیغام میں قوم کو عید کی مبارکباد بھی دی۔