بیجنگ: پاک چین تعلقات میں سی پیک نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے، سی پیک منصوبہ کی عظمت سے کوئی انکارنہیں کر سکتا اس منصوبے کی تعمیر و ترقی اور تکمیل کیلئے دوطرفہ میڈیا نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔اس عزم کا اظہار نائب چینی وزیرخارجہ لوزوہوئی اور بیجنگ میں سبکدوش ہونے والے پاکستانی سفیر مسعود خالدنے ایک ملاقات میں کیا۔چینی نائب وزیر خارجہ نے پاک چین تعلقات کے حوالے سیمسعود خالد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ امید ہے کہ مسعود خالد مستقبل میں بھی پاک چین تعلقات میں مزید فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر سبکدوش پاکستانی سفیر نے کہا کہ بطور سفیر تعیناتی کے دور میں چین کی وزارت خارجہ نے مکمل اور بھرپور تعاون کیا ہے جس کا میں شکرگزار ہوں۔ مسعود خالد نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط اور گہرے ہوں گے، دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حل میں بہت اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، چائنا اکنامک نیٹ کی رپورٹ کے مطابق سبکدوش سفیر نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو نئی جہت بخشنے میں سی پیک منصوبے کی عظمت سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا، پاک چائنا میڈیا نے اس منصوبے کی تعمیر و ترقی اور تکمیل کیلئے مشترکہ طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، پاکستانی سفیر چینی عہدیداران اور میڈیا میں معروف شخصیت تھے جن کی تعیناتی کا دور اس ماہ میں ختم ہو رہا ہے، انہوں نے اس ضمن میں کہا کہ اس مختصر عرصے میں چین کو میں نے ترقی کی بلندیوں کو چھوتے دیکھا ہے، 2013سے اب تک کے مختصر عرصہ میں چین نے 800ملین لوگوں کو خط غربت سے نکالا ہے، چینی شہروں کو دنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں بدلتے دیکھا ہے، پاکستان کو چین کی تعمیر و ترقی پر ناز ہے۔ مسعود خالد کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ سالوں میں، میں اعلیٰ عہدیداران اور ریاستی سربراہوں سے مختلف مواقعوں پر ملاقات رہی ہے۔چینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ مسعود خالد جو کہ اپنا دور تعیناتی مکمل کر کے واپسی کا قصد کررہے ہیں کی سفارتکاری نے دوطرفہ تعلقات نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ مسعود خالد نے کہا کہ یہ تمام کامیابیاں چینی عہدیداران کی مرہون منت ہیں انہوں نے میرے ساتھ انتہائی تعاون کیا ہے، انہوں نے چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر اور پاک چائنا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ مسعود خالد نے اختتامی الفاظ ادا کرتے ہوئے چین اور چینی قوم کا بہترین تعاون اور گرم جوش دوستی پر شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی سفیر مسعود خالد نے صدر پاکستان کی جانب سے چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سنٹر کے چیئرمین لوانگ چوسیانگ کو ستارہ پاکستان دیا۔


