رہبر کمیٹی کا 11 جولائی کو نئے چیئرمین سینیٹ کے نام کے اعلان کا فیصلہ

July 5, 2019

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں بنائی جانے والی رہبر کمیٹی نے 11 جولائی کو نئے چیئرمین سینیٹ کے نام کا اعلان کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جے یو آئی کے رہنما اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اکرم درانی نے اسلام آباد رہبر کمیٹی کی صدارت کی۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکرم درانی نے کہا کہ 11 جولائی کو متفقہ طور پر امیدوار کا اعلان کریں گے اور آئندہ اجلاس بھی جمعرات کو ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ کےخلاف قرارداد جمع کرائیں گے۔

اکرم درانی نے بتایا کہ پہلے 2 ماہ کیلئے رہبر کمیٹی کا کنوینر مجھے منتخب کیا گیا ہے جبکہ کنوینر ہر 2 ماہ کےلئے منتخب کیا جائے گا۔

رہبر کمیٹی کے کنوینر نے کہا کہ باہمی مشاورت سے جلسوں کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں اور اختیارات سے تجاوز کرکے دیگر امور میں مداخلت کی گئی۔

اکرم درانی نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری سمیت تمام اپوزیشن رہنمائوں کو سیاست سے دور رکھنے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

رہبر کمیٹی کے اجلاس میں تمام جماعتوں نے گھوٹکی ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کیا۔

کمیٹی نے قبائلی اضلاع کے الیکشن میں پولنگ اسٹیشنز کے اندر فوج کی تعیناتی نہ کرنے کا مطالبہ کیا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو مشترکہ خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔