امریکا میں سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر نے عہدہ سنبھال لیا

امریکا میں سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے اپنا عہدہ سنبھال لیا۔

واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے کے سرکاری ترجمان فہد ناظر نے ایک بیان میں بتایا کہ خاتون سفیر نے امریکی وزارت خارجہ کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔

شہزادی ریما نے اپنی عربی میں کی گئی ٹویٹ میں کہا ہے کہ "میں نے آج سے امریکا میں مملکت کی سفیر کے طور پر کام شروع کر دیا ہے، میری دعا ہے کہ اللہ رب العزت مجھے اور میرے ساتھیوں کو اپنے پیارے وطن کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے”۔

شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان 1945ء کے بعد سے امریکا میں مقرر ہونیوالی سعودی عرب کی 11 ویں سفیر ہیں، وہ اس عہدے پر کام کرنے والی پہلی سعودی خاتون ہیں۔