اسلام آباد:جاپان میں مقیم نامور کاروباری شخصیت اور پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین رانا عابد حسین نے وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکہ پر عمران خان اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کشمیر کا مسئلہ حل ہونے سے خطے کے ڈیڑھ ارب عوام کے معاشی حالات میں بہتری آسکتی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تجارت،کاروبار اور سرمایہ کاری کے ذریعے جنوبی ایشیا کا یہ خطہ دنیا کے بہترین سرمایہ کاری پوائنٹ میں تبدیل ہو جائے گا جس کے لیے پوری دنیا کی نظریں وزیر اعظم عمران خان کی جانب ہیں۔رانا عابد حسین نے کہا کہ وزیر اعظم اور امریکی صدر ٹرمپ کے مابین مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ امریکہ ایمانداری اور انسانیت کے جذبہ سے سر شار کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق مسئلہ کشمیر حل کروائے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کی بات کر کے خطے میں قیام امن کو فروغ دینے کے لئے بات کی ہے۔ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوشاں ہے اور کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو رکوانے کے لئے ہمہ وقت جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر میں بد ترین دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ دہشت گردی سے معصوم شہریوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ بھارت انسانیت کی قدر کرنے کی بجائے معصوم لوگوں پر اسلحہ سے ظلم کر رہا ہے۔ ان حالات میں مسئلہ کشمیر کا حل انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان حالات میں وزیر اعظم عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھاتے ہوئے کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق حل کروایا جائے۔
مسئلہ کشمیر کے حل سے عوام کےحالات بہتر ہونگےرانا عابد حسین



