پریانکا پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کی خواہاں؟

اداکارہ نے سوال پوچھنے پر پاکستانی نژاد لڑکی کو جھاڑ پلادی—اسکرین شاٹ

امریکی گلوکار نک جونس سے دسمبر 2018 میں شادی کرنے کے بعد امریکا منتقل ہوجانے والی بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے موقع پر ایک بار پھر متنازع بیان دے کر مداحوں کو ناراض کردیا۔

اگرچہ پریانکا چوپڑا نے اس بار کوئی نیا بیان نہیں دیا، تاہم انہوں نے اپنے پرانے بیان سے متعلق سوالات پوچھے جانے پر پاکستانی نژاد خاتون کو جھاڑ پلادی، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پریانکا چوپڑا کو بھارت و پاکستانی افراد نے اس قدر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ عید الاضحیٰ کے دن پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنی رہیں اور سیکڑوں افراد نے انہیں یاد دلایا کہ وہ اقوام متحدہ (یو این) کے ذیلی ادارے کی سفیر ہیں، اس لیے انہیں جنگ کی باتیں شبہ نہیں دیتیں۔

پریانکا چوپڑا پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ اس لیے بنیں کہ ان کی امریکی شہر لاس اینجلس کے ایک ایونٹ میں بنائی گئی 2 ویڈیوز سامنے آئیں، جن میں وہ جنگ سے متعلق اپنے خیالات پر سوال پوچھے جانے پر پاکستانی نژاد مداح خاتون پر بھڑک جاتی ہیں۔

ٹوئٹر پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاس اینجلس میں ہونے والی تقریب کے دوران پاکستانی نژاد امریکی خاتون عائشہ ملک اداکارہ سے رواں برس فروری میں کیے جانے والے ٹوئیٹ پر سوال کرتی ہیں جس پر اداکارہ ان پر بھڑک جاتی ہیں۔

عائشہ ملک نے اداکارہ سے سوال کیا کہ انہوں نے رواں برس فروری میں ٹوئیٹ کے ذریعے بھارتی فوج کی حمایت کی اور مبینہ طور پر وہ دونوں ممالک میں نیوکلیئر جنگ کی خواہاں ہیں؟

پاکستانی نژاد خاتون نے اپنا سوال جاری رکھتے ہوئے اداکارہ کو کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ’یونیسیف‘ کی سفیر برائے خیر سگالی ہیں، انہیں جنگ کی باتیں شبہ نہیں دیتیں اور پھر پاکستان میں ان کے لاکھوں مداح ہیں، جو ان کی دونوں ممالک میں جنگ کی خواہش کی بات سے ناراض ہوئے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عائشہ ملک کا سوال ختم ہی نہیں ہوا تھا کہ تقریب کے منتظمین میں شامل ایک اہلکار ان سے مائیک چھین لیتے ہیں اور اسی دوان پریانکا چوپڑا پاکستانی نژاد خاتون کو جھاڑ پلا دیتی ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے عائشہ ملک کا درست انداز میں جواب دینے کے بجائے ان پر الزام لگایا کہ وہ خوامخواہ چلا رہی ہیں، وہ یہ بات آرام سے بھی کر سکتی تھیں، ساتھ ہی اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان کا سوال سن لیا ہے۔

ایک اور ویڈیو میں پریانکا چوپڑا پاکستانی نژاد لڑکی کے سوال کا جواب دیتے دکھائی دیتی ہیں، تاہم وہ عائشہ ملک کے سوال کا براہ راست جواب دینے کے بجائے غیر متعلقہ باتیں کرتی دکھائی دیتی ہیں۔