
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔
لاہور پریس کلب میں کشمیر کا پرچم لگانے اور میٹ دی پریس سے خطاب میں مشال ملک نے کہاکہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ امریکا اپنا ثالثی کا کردار ادا کرے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم عمران خان بھی مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے بیرون ممالک کے ہنگامی دورے کریں۔
مشال ملک نے یہ بھی کہاکہ بھارت کشمیریوں کے خون کا پیاسا ہو چکا ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔
ان کا کہناتھاکہ عالمی برادری کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے مستقبل کا فیصلہ کرے۔
حریت رہنما کی اہلیہ نے کہاکہ بھارت کشمیر کو قبرستان بنانا چاہ رہا ہے ،اس کا کالا چہرہ سب کے سامنے آچکا ہے،اگر اقوام متحدہ نہیں جاگی تو ایک بڑی جنگ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سابق بھارتی وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرو نے وعدہ کیا تھا کہ جو کشمیری چاہیں گے ویسا ہی ہو گا لیکن مودی نے ایسا نہیں کیا۔
مشال ملک نے کہاکہ تیرہواں دن ہے لوگوں کو بھوک اور پیاس سے چھلنی کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھارت کی خلاف ورزی سامنے آئی ہے، اس نے ہمارا حق دبانے کی کوشش کی ہے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے مزید کہاکہ 8لاکھ فوج کشمیر میں لگانے کا کیا جواز بنتا ہے؟ ہم کشمیری زمین کے مالک ہیں اور ہمارے پائوں سے زمین کھینچنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔



