اسلام آباد(نیوزرپورٹر) برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے متحدہ عرب امارات کے علی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے درخواست کی ہے کہ بھارتی وزیراعظم
مودی اعلی اماراتی اعزاز کا حقدار نہیں اسے یہ اعزاز دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔ انہوں نے یہ درخواست ولی عہد کو لکھے گئے ایک خط میں کی ہے۔
بریڈ فورڈ سے منتخب برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے اپنے خط میں امارات کے ولی عہد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ نہ صرف اپنے حلقے میں بسنے والے ہزاروں کشمیریوں بلکہ خود ایک کشمیری کی حیثیت سے آپ کی حکومت کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کو اعلی ترین سویلین ایوارڈ دینے پر مایوس ہیں۔انہوں نے لکھا کہ مودی نے 16 دن سے کشمیر کو مکمل لاک ڈاون کررکھا ہے اور ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور رابطوں کے دیگر ذرائع بند کرکے دنیا سے کشمیریوں کا رابطہ ختم کردیا ہے۔ناز شاہ نے اپنے خط میں کشمیر میں 38 ہزار اضافی فوجیوں کی تعیناتی، حریت رہنماں کی گرفتاری اور پیلٹ گنوں کے ذریعے سیاسی کارکنوں کے زخمی ہونے کا بھی ذکر کیا ہے۔ناز شاہ نے دو صفحات پر مشتمل اپنے خط کے آخر لکھا ہے کہ اگر آپ کے اقتصادی معاہدے آپ کو کشمیروں کے لیے کھڑے ہونے یا بولنے سے روکتے ہیں تو کم از کم آپ متحدہ عرب امارات کے عوام کے نمائندے کی حیثیت سے اس معاملے پر خاموش رہیں اور دل میں وزیراعظم نریندر مودی کے اقدامات کی مذمت کریں۔
مودی اعلیٰ اماراتی ایوارڈ کا حقدار نہیں فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد بن زید النہیان سے درخواست



