اسلام آباد ہائیکورٹ نے کشمیر میں جہاد کا اعلان کرنے کی درخواست نا قابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کشمیر میں جہاد کا اعلان کرنے کی درخواست پر فیصلہ ..

اسلام آباد : کشمیر میں جہاد کے اعلان کیلئے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی جسے اب مسترد کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا قبضہ چھڑانے کے لیے جہاد کا اعلان کرنے کی درخواست نا قابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کشمیر میں جہاد کا اعلان کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔وکیل شریف شبیر نے کہا کہمقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت گھمبیر ہے۔عدالت حکومت کو جموں کشمیر میں جہاد شروع کرنے اور آزاد کشمیر میں جہادی کیپمس قائم کرنے کا حکم دے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت کے  دائرہ کار میں نہیں اور درخواست ناقابل سماعت ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔خیال رہے شریف شبیر نامی شہری نے کشمیر میں جہاد کے حکم کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست گزار شریف شبیر نے میاں گوہر ایڈووکیٹ کی وساطت سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ۔ درخواستگزار نے مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت حکومت کو جموں و کشمیر میں جہاد شروع کرنے کا حکم دے۔درخواستگزار نے استدعا کی کہ آزاد کشمیر میں جہادی کیمپس قائم کرنے کی ہدایت کی جائے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں تاحال کرفیو نافذ ہے جو چوتھے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے ۔