
وزیرِاعظم عمران خان نے خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی زونز کی جلد از جلد فعالیت اور ان میں بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفراسٹرکچر جیسی مختلف سہولتوں کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں قائم مختلف خصوصی اقتصادی زونز کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز، صوبائی سیکرٹریز اور دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ ملک کے مختلف حصوں میں قائم مختلف خصوصی اقتصادی زونز کی موجودہ صورتحال، زونز میں قائم ہونے والی صنعتوں کیلئے ضروری سہولیات کی فراہمی اور ان کو مکمل طور پر فعال بنانے کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے خصوصی اقتصادی زونز میں قائم ہونے والی صنعتوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات پر خصوصی بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت نہ صرف صنعتی عمل کو تیز کرنے اور کاروباری طبقہ کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لحاظ سے اہم ہے بلکہ اس سے نوجوانوں اور ہنرمندوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔ وزیرِاعظم نے خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت اور ان میں سہولیات کی دستیابی کے حوالہ سے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر روابط کو یقینی بنانے کیلئے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی کو فوکل پرسن مقرر کیا۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ خصوصی اقتصادی زونز میں بجلی، گیس، پانی و دیگر سہولتوں کی دستیابی کے سلسلہ میں ٹائم فریم مقرر کرکے وزیرِاعظم کو رپورٹ پیش کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مقررہ مدت میں طے شدہ اہداف کوحاصل کیا جائے۔




