پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب کی خود مختاری وزیراعظم نے سلب کرلی ہے، صوبہ پنجاب اب وفاق کے ذریعے کنٹرول ہو رہا ہے۔
حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے وائٹ پیپر جاری کیا گیا ہے۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب میں میڈیا پریس کانفرنس سے خطاب میں عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے حلقے پر 2ارب خرچ ہوئے مگر لاہور پر ایک روپیہ نہ لگا، اورنج لائن ٹرین 31جولائی تک مکمل نہ ہوسکی۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ وفاق کے ذريعے کنٹرول ہو رہا ہے، پنجاب کی خود مختاری وزیراعظم نے سلب کرلی ہے، جنوبی پنجاب صوبہ بن سکا اور نہ عليحدہ سیکریٹریٹ کا وعدہ وفا ہوا۔
عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت ختم کردی گئی، غریب عوام کیلئے زندگی کو مزید مشکل بنا دیا گیا ہے، ایک سال میں 3 وزیر اطلاعات اور 3 آئی جی تبدیل ہوئے، سال بعد بھی عثمان بزدار اپنی ٹریننگ مکمل نہ کرسکے۔




