
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہے، جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہو نگے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے687 بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کے لیے 60دن کے اندر قوانین اور انتظامی اصلاحات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہواہے، جس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ، بیمار صنعتوں کی بحالی اور تعمیرات کے شعبے کو مراعات دینے پر غور کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہے، جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہو ں گے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ687 بیمار صنعتی یونٹس ایسے ہیں جنہیں فوری بحال کیا جاسکتا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ 60 دن کے اندر ان یونٹس کی بحالی کے لیے مطلوبہ قوانین اور انتظامی اصلاحات کو مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو بھی ایس ایم ایز کے فروغ میں شامل کیا جائے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ سرمایہ کار کسی دقت یا ہچکچاہٹ کے بغیر سرمایہ کاری کر سکیں، مقامی سطح پر چھوٹے صنعتی یونٹس کو ترجیح دی جائے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ایک ہفتے میں ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے جامع ایکشن پلان پیش کیا جائے جس میں مختلف ٹارگٹ مکمل کرنے کے اہداف اور مدت کا تعین بھی ہو ۔
وزیر اعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ ایف بی آر، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور صوبائی حکومتوں سے مل کر لائحہ عمل ترتیب دیں اور اگلے ہفتے تک رپورٹ پیش کریں۔
وزیر اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معاشی ٹیم کے ساتھ تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے جس کا سب سے اہم مقصد بین الاوزارتی ہم آہنگی بڑھانا ہے۔


