چودھری شوگر ملز کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منظور کر لی

Image result for maryam nawaz"

لاہور ہائیکورٹ، چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی گئی

عدالت عالیہ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے مذکورہ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور درخواست گزار کے وکیل دونوں کے دلائل کے بعد 31 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے 30 ستمبر کو عدالت سے رجوع کیا تھا۔

تاہم گزشتہ ماہ کے اواخر میں ان کے والد سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کی اچانک ناسازی کے بعد انہوں نے بنیادی حقوق اور انسانی بنیادوں پر ضمانت کے لیے 24 اکتوبر کو ایک متفرق درخواست دائر کی تھی۔

اس درخواست پر عدالت میں متعدد سماعتیں ہوئی تھیں، تاہم گزشتہ سماعت میں نیب کے وکیل جہانزیب بھروانا نے انسانی بنیادوں پر مریم نواز کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ ‘سپریم کورٹ کے فیصلے میں یہ واضح ہے کہ ملزمہ کو صرف انتہائی غیرمعمولی حالات میں ضمانت مل سکتی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘مریم نواز کا کیس غیرمعمولی حالات پر پورا نہیں اترتا’۔

خیال رہے کہ احتساب کے قومی ادارے نے 8 اگست کو چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں 25 ستمبر کو لاہور کی احتساب عدالت نے ان دونوں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، جس میں کئی مرتبہ توسیع ہوچکی ہے۔

نیب کو اس کیس میں چوہدری شوگر ملز کی مرکزی شراکت دار کی حیثیت سے بڑی رقم کی سرمایہ کاری کے ذریعے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

مریم نواز پر الزام ہے کہ وہ 93-1992 کے دوران کچھ غیر ملکیوں کی مدد سے منی لانڈرنگ میں ملوث رہی اور اس وقت نواز شریف وزیراعظم تھے۔

یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ ایک اور کرپشن کیس ایون فیلڈ میں بھی اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مریم نواز کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس سزا کو معطل کردیا تھا۔

عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے تفصلی دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز کا چوہدری شوگر ملز میں کبھی بھی متحرک کردار نہیں رہا۔

مریم نواز کے پاس ملز کے کوئی شیئرز نہیں، 1991ء میں جب چوہدری شوگر ملز قائم ہوئی تو اس وقت مریم نواز چھوٹی تھیں۔