
شارجہ:معروف پاپ اسٹارسنگر ایکن نے کہا ہے کہ اصل کامیابی ایمان ہے اگر خدا مجھ سے خوش نہیں ہے تو میں ایک کامیاب شخص نہیں ہوں، مسلمان گھرانے میں پیدا ہوا موسیقی سے زیادہ انسانوں کی خدمت کر کے سکون پاتا ہوں۔پاپ اسٹار ایکن کو شارجہ انٹرپرینیوریل فیسٹیول میں مدعو کیا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنے مقبول گانے گانے کے بجائے اپنی زندگی کے تجربات پر بات کی اور اپنے مداحوں سے زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے اہم انکشافات کئے۔
شارجہ ایکسپو سینٹر میں فیسیٹول کے موقع پر جب 2000 سے زائد افراد اپنے پسندیدہ گلوکار کی پرفارمنس کے منتظر تھے وہیں ایکن نے پرفارمنس کے بجائے اپنی زندگی کے سفر سے متعلق ایک اہم خطاب کیا۔گلوکار نے بتایا کہ کس طرح وہ ایک کار لفٹر سے لے کر گریمی ایوارڈ جیتنے والے پاپ اسٹار اور ایک سماجی خدمت کرنے والے بنے۔انہوں نے بتایا کہ وہ موسیقی سے زیادہ انسانوں کی خدمت کرکے سکون پاتے ہیں۔ایکن نے انکشاف کیا کہ وہ مغربی افریقا کے سینیگال گھرانے میں مسلمان پیدا ہوئے۔انہوں نے کہا کہ لوگ یہ نہیں جانتے، میں افریقا میں سولر پروجیکٹ کے ذریعے سے پورے خطے میں شمسی توانائی فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔پاپ اسٹار ایکن نے بتایا کہ بعض اوقات کچھ چیزیں اس وقت ہوتی ہیں جب آپ یہ نہیں کرنا چاہتے لیکن جب خدا چاہتا ہے تو ایسا ہوتا ہے۔ایکن نے اپنی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اصل کامیابی ایمان ہے، اگر خدا مجھ سے خوش نہیں تو میں کامیاب نہیں ہوں۔ 2015 میں متحدہ عرب امارات کے دی نیشنل اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکار کا کہنا تھا کہ میں سینیگال کے مسلمان گھرانے میں پیدا ہوا تھا جہاں کی کچھ جگہوں میں موسیقی کو حرام تصور کیا جاتا تھا۔




