پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت،متاثرین کی تعداد 267 ہوگئی

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ مزید 10 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 267 ہوگئی۔سیکریٹری صحت گلگت بلتستان راشد احمد نے کہا کہ کورونا وائرس سے دیامر سے تعلق رکھنے والا 58 سالہ شخص جاں بحق ہوا ہے۔
قبل وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران گلگت بلتستان میں ایران سے آ ئے ہوئے مزید 10 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ناقص انتظامات کی وجہ سے تعداد بڑھی ہے، بلوچستان حکومت نے اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے زائرین کو گن پوائنٹ پر گلگت بھجوا دیا ہے۔وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ آبادی کے حساب سے کورونا کے سب سے زیادہ مریض گلگت بلتستان میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار کمروں پر مشتمل ہوٹلز کو کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جبکہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی سیاحوں کے لیے تین ہفتے کی پابندی عائد کر دی ہے، غیر ملکی سیاحوں کو سرٹیفیکیشن کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ 21 مارچ سے تمام مارکیٹیں بند ہوں گی۔
سندھ
پاکستان میں عالمی وبا قرار دیئے جانے والے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور سندھ میں مزید 9، خیبرپختونخوا میں 3 کیسز کے بعدملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 249 تک جاپہنچی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ تفتان سے سکھر آنے والے 290 زائرین کے ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوچکی ہیں۔ ان 290 ٹیسٹ رپورٹس میں سے 147 کا نتیجہ منفی جبکہ 143 کا مثبت آیا ہے۔ سکھر آنے والے زائرین میں سے 143 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ اس کے علاوہ کراچی میں 38 کیسز ہیں، جس کے بعد صوبے کے مجموعی کیسز کی تعداد 181 ہوگئی ہے۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور ظفر جھگڑا نے صوبے میں مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔وزیر صحت خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ نئے آنے والے کیسز بونیر، ہنگو اور مردان سے ہیں اور ان تینوں کی بین الاقوامی ٹریول ہسٹری موجود ہے۔
واضح رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کووڈ 19 (نوول کورونا وائرس) دنیا کے تقریباً 156 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اب تک اس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔اس عالمی وبا کے باعث اب تک 7 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 99 اموات چین کے صوبے ہوبے میں ہوئیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔
26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔
29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی، 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔
6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔
8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔
9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔
10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 جبکہ سندھ میں تعداد 15 ہوگئی تھی۔
بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی ‘غلط فہمی’ کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔
11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 19 تک پہنچی تھی۔
12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں ہی ایک اور کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 20 تک جاپہنچی تھی۔
13 مارچ کو اسلام آباد سے کراچی آنے والے 52 سالہ شخص میں کورونا کی تصدیق کے بعد تعداد 21 ہوئی تھی، بعدازاں اسی روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تفتان میں مزید 7 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 28 ہوگئی۔
14 مارچ کو سندھ و بلوچستان میں 2، 2 نئے کیسز کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 33 ہوگئی۔
15 مارچ کو اسلام آباد اور لاہور میں ایک ایک، کراچی میں 5، سکھر میں 13 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد کیسز کی تعداد 53 ہوگئی تھی۔
16 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اچانک بہت تیزی سے اضافہ ہوا تھا اور سندھ میں تعداد 35 سے بڑھ کر 150 جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 184 تک جا پہنچی تھی۔
17مارچ کو ملک کے چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 237 تک پہنچ گئی تھی۔