کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض ادا کرنیوالے خراج تحسین کے مستحق ہیں، مشتاق منہاس

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر اپنے فرائض ادا کرنیوالے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔بدھ کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل سٹاف عوام کیلئے امید کی کرن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف سے بھرپور تعاون کریں کیونکہ ہم اسوقت ایک مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں ڈاکٹرز بھی چوبیس گھنٹے اپنی ڈیوٹیز ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ان دنوں کے دوران سنسنی خیزی سے اجتناب کرے اور خوف و ہراس نہ پھیلائے۔انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں حکومتی مشینری بھرپور انداز میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہے جو ایک زندہ قوم کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں میں یہ احساس اجاگر کریں کہ جو اقدامات حکومت کر رہی ہے اس میں ان کی بہتری اور بھلائی ہے۔انہوں نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلیے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے تمام محکمہ جات کے افسران اور اہلکاروں کے جذبے کو سراہا اور ان کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ لوگ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں آزادکشمیر بھر میں اشیا خوردونوش کی کوئی قلت نہیں ہے حکومت اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔