
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہم آزاد کشمیر کو بااختیار بنانے ، ترقیاتی بجٹ دوگنا کرنے اور خطہ کو سی پیک میں شامل کرنے سمیت قومی دھارے میں بھرپور نمائندگی پر مسلم لیگ (ن) اور میاں نوازشریف کے شکرگزار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف اور نائب صدر مریم نوازشریف سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے قائد نوازشریف کی صحت کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی۔

بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق کشمیری عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) کی رہنمائی اور سرپرستی میں آزاد کشمیر کے اندر کئی دہائیوں سے زیر التواء مسائل حل ہوئے۔ آزاد کشمیر کو بااختیار بنانے اور ترقیاتی بجٹ دوگنا کرنے اور خطہ کو سی پیک میں شامل کرنے سمیت قومی دھارے میں بھرپور نمائندگی پر مسلم لیگ (ن) کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ محمد نوازشریف کی رہنمائی اور سرپرستی میں مسلم لیگ (ن) اگلے ایک سال مزید ڈٹ کر عوامی خدمت کرے گی اور آئندہ انتخابات میں بھی دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ شہباز شریف اور مریم نواز نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کی۔ دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ صدر مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز شریف کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آزاد کشمیر حکومت کے بروقت اقدامات پر وزیراعظم آزاد کشمیر اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔



