اسلام آباد:پی ٹی آئی حکومت کو ایک اور دھچکا،چینی کے بعد آٹے کا بحران بھی سر اٹھانے لگا،مستقبل میں ملکی ضروریات کے لئے گندم ناکافی ہونے کے باعث حکومت نے گندم درآمد کی اجازت دیتے ہوئے اس پر عائد تمام ڈیوٹیز ختم کر دیں۔گندم کی بین الصوبائی نقل وحرکت کے حوالے سے بھی تمام پابندیاں فوری طورپراٹھا لی گئی ہیں۔گندم کی درآمد پرچھ فیصد اوراضافی دوفیصد عائد ڈیوٹی ختم کرنے کا بھی فیصلہ ۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں گندم کی ضروریات کو پورا کرنے اورآٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنانے کے حوالے سے ا جلاس اسلام آباد میں ہواجس میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں گندم کی پیداوار ، صوبائی حکومتوں کی جانب سے گندم کی خرید، موجود اسٹاک اور ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کے حوالیسے تمام پابندیاں فوری طورپراٹھا لی جائیں گی اورچیک پوسٹیں ختم کردی جائیں گی ۔گندم کی درآمد کی اجازت دی جائے گی اور اس حوالے سے درآمد کی مقدارپرکوئی پابندی نہیں ہوگی۔ یہ درآمد نجی شعبے کے ذریعے کی جائے گی۔گندم کی درآمد پرعائد ڈیوٹی مکمل طورپرختم کردی جائیگی۔گندم اور آٹے کی بیرون ملک اسمگلنگ کی روک تھام یقینی بنائی جائے گی۔



