ہولی فیملی ہسپتال حکام کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے انتظامی امور پر انگلیاں اٹھنے لگیں

 

نرسنگ سپرنٹینڈنٹ کی اہم ترین پوسٹ پر جونیئر ترین خاتون روبینہ کوثر کی سفارشی بنیادوں پر تعیناتی کا معاملہ وزیراعظم ہائوس پہنچ گیا

 

راولپنڈی :ہولی فیملی ہسپتال حکام کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے انتظامی امور پر انگلیاں اٹھنے لگیں ، ہسپتال میں نرسنگ سپرنٹینڈنٹ کی اہم ترین پوسٹ پر جونیئر ترین خاتون روبینہ کوثر کی سفارشی بنیادوں پر تعیناتی کا معاملہ وزیراعظم ہائوس پہنچ گیا ۔نرسنگ انتظامی امور سے نابلد اور معمولی تعلیم یافتہ سپریٹنڈنٹ کو ہسپتال میں اعلی تعلیم یافتہ سٹاف کی موجودگی کے باوجود تعیناتی کسی بھی اتھارٹی کی منظوری کے بغیر کی گئی ۔جڑواں شہروں کے بڑے ہسپتال ہولی فیملی میں جہاں انتظامی امور کی موثر نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال کی ساکھ بری طرح متاثر ہو رہی ہے وہیں کرپشن کے لاتعداد کیسز اور اہم انتظامی عہدوں پر بھی غیر قانونی تعیناتیاں ہوئی ہیں۔ہسپتال کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کی اہم ترین پوسٹ پر غیر قانونی تعیناتی کا انکشاف اس وقت ہوا جب مقامی اور صوبائی انتظامیہ کی طرف سے کوئی کارروائی نہ ہونے کے بعد ہسپتال کی نرسز نے وزیراعظم ہائوس کو آگاہ کیا ۔وزیراعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کو موصول ہونے والی شکایات کے ذریعے انکشاف ہوا ہے کہ روبینہ کوثر گریڈسترہ کی نرس ہیں جنہیں بغیر کسی اتھارٹی کی منظوری کے گریڈ 19 کی پوسٹ نرسنگ سپریڈنٹ پر تعینات کیا گیا ہے ۔ان کے پاس مطلوبہ تعلیمی قابلیت ہے نہ ہی انتظامی امور چلانے کا موثر تجربہ ہے یہی وجہ ہے کہ حالیہ دنوں میں کرونا کی وبا سے نمٹنے کے انتظامی امور میں غیرمعمولی بدانتظامی دیکھنے کو ملی ۔وزیراعظم کو موصول ہونے والی شکایات کے مطابق روبینہ کوثر کا رویہ ماتحت نرسز کے ساتھ انتہائی تحکمانہ ہے جبکہ مذکورہ نرسنگ سپریٹنڈنٹ نرسز کے ایشوز بھی حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں ۔مزید معلوم ہوا ہے کہ روبینہ کوثر کو دو سال سے سفارشی بنیادوں پر بغیر کسی آرڈر کے تعینات کیا گیا ان کی تعیناتی ہمیشہ سے ہی متنازعہ رہی ہے جس پر انہیں ہٹانے کا عندیہ دیا گیا لیکن روبینہ کوثر کے بااثر ہونے کی وجہ سے کارروائی نہ ہو سکی ۔ہسپتال میں ہی بی ایس این کی ڈگری ہولڈرز اور انتظامی امور کے حوالے سے کئی سینئر اسٹاف موجود ہے لیکن سینکڑوں نرسز کے انتظامی امور ایک نااہل خاتون کے زیر انتظام دے دیے گئے ہیں ۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل نرسنگ کا موقف ہے کے روبینہ کوثر کی تعیناتی عارضی بنیادوں پر کی گئی ہے بلاشبہ وہ تعلیمی معیار اور تجربے کے حوالے سے اس عہدے پر پورا نہیں اترتی اس سلسلے میں ہسپتال حکام سے بات کرکے اس عہدہ کی مطلوبہ قابلیت کی حامل خاتون کو تعینات کیا جائے گا۔