گلگت بلتستان سی پیک کا بیس کیمپ ہونے کے ناتے سے اپنی ایک خاص حثیت رکھتا ہے،علی امین

اسلام آباد:وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور انداز میں کوشاں ہے اور جلد گلگت بلتستان کا شمار پاکستان کے خوشحال ترین علاقوں میں ہو گا ۔ گلگت بلتستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مالی مشکلات کے باوجود گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے جو ان کی گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی کی کھلی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا بیس کیمپ ہونے کے ناتے سے اپنی ایک خاص حثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ثمرات سے بھرپور استفادے کے لیے گلگت بلتستان میں اکنامک زون کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور اس پر خاطر خواہ پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کے لیے جہاں متعدد پن بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے وہاں گلگت بلتستان میں ریجینل گرڈ کے قیام کے لیے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں جس سے گلگت بلتستان میں لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت اور معدنیات کے حوالے سے زبردست صلاحیت رکھتا ہے اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بیرونی سرمایہ کار گہری دلچسپی رکھتے ہیں جس سے گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی اور گلگت بلتستان کے عوام کو روزگار کے بہترین مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی بھرپور کام کر رہی ہے۔گلگت میں کارڈک سنٹر اور سکردو میں ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔ یہاں ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کے قدرتی حسن اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں گلگت بلتستان میں متعدد نیشنل پارکس کا قیام اس کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے یہ تمام اقدامات وزیر اعظم عمران خان کے گلگت بلتستان سے متعلق وژن کی کھلی عکاسی کرتے ہیں جس سے ایک طرف گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے تو دوسری طرف گلگت بلتستان میں دیرپا ترقی کی راہ بھی ہموار ہو گی۔