حکومت اورسیز پاکستانیوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے سپیڈی کورٹس قائم کرے،میاں طارق جاوید ا

حکومت اورسیز پاکستانیوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے سپیڈی کورٹس قائم کرے،میاں طارق جاوید
اسلام آباد:پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کے چیئرمین میاں طارق جاویدنے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حقوق کیلئے مسلسل جدوجہد جاری ہے ، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کے حق پر سپریم کورٹ کے فیصلہ پر فوری عمل درآمد کرایا جائے ، پاکستان کے پارلیمنٹ میں اوورسیز کمیونٹی کیلئے مخصوص نشستوں کا کوٹہ رکھا جائے ، اوورسیز کمیونٹی کیلئے سپیڈی کورٹس کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے حکومتی اور تمام اپوزیشن کی جماعتوں کے رہنماں کیساتھ تفصیلی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملاقاتوں میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کیساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے تفصیلی گفتگو ہوئی اور انہوں نے پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کی کوششوں کو سراہا ہے اور مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے ، میاں طارق جاوید نے کہا کہ اس کے علاوہ سینیٹر رحمان ملک ، سینیٹر میاں محمد عتیق ، اور دیگر سیاسی رہنماں نے بھی اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحاتی بنیادوں پر حل کروانے اور ان کی حمایت کی یقین دہانی کروائی، ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سپیڈی کورٹس کا قیام کرے تاکہ اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے فوری اور موثر راستہ ہموار ہو ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں، میاں طارق جاوید کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی سرمایہ کار پاکستان اوور سیز کمیونٹی گلوبل کے پلیٹ فارم سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ، حکومت ان کو محفوظ و سازگار ماحول فراہم کرے اور ان کے مسائل پر توجہ دے۔