الخدمت فائونڈیشن کے آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت پنجاب بھر سے زیرِ کفالت یتیم بچوں کے میٹرک امتحانات میں شاندار نتائج، 54 بچوں نے اے پلس،37نے اے جبکہ 44نے بی گریڈحاصل کیا
اسلام آباد رواں سال بھی صوبہ پنجاب کے مختلف بورڈز سے میٹرک کے امتحانات میں الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت زیرِ کفالت یتیم بچوں کے نتائج شاندار رہے۔اس سال الخدمت فانڈیشن کے شمالی،وسطی اور جنوبی پنجاب ریجنز سے مجموعی طور پر 253بچوں نے میٹرک کا امتحان دیا، جن میں سے 54 بچوں نے اے پلس, 37 نے اے جبکہ 44نے بی گریڈکے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی۔ اس حوالے سے الخدمت فانڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تمام بچے،الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کی پوری ٹیم اوران بچوں کے لواحقین دلی مبارکباد کے مستحق ہیں۔یہ یتیم اور بے سہارا بچے دوسرے بچوں سے کسی طور کم نہیں ہیں۔یہ زندگی کے کسی بھی میدان میں اپنا لوہا منوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ہماری ذرا سی توجہ ان بچوں کو ایک محفوظ اور روشن مستقبل دینے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے اورآج ان کے شاندار امتحانی نتائج اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا الخدمت فانڈیشن ملک بھر کے 13ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت اور معیاری تعلیم و تربیت ایک مقدس فریضے کے طور پر سرانجام دی رہی ہے۔ ہمارامشن ہے کہ ملک میں بسنے والا ہر یتیم معاشرے پر بوجھ بننے کی بجائے زندگی کے ہر میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کرے۔


