شہری علاقوں میں جاپانی میاوا طرز کے جنگلات پر عملدر آمد سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کااقدام قابل تحسین ہے ،جاپانی سفیر


اسلام آباد:پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر متسودا کونینوری نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کی غرض سے شہری علاقوں میں جاپانی میاواکی طرز کے جنگلات پر عملدر آمد سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جاپانی طرز میاواکی تکنیک کے استعمال سے متعلق پاکستانی وزیراعظم کا یہ مفید اقدام انتہائی قابل تحسین ہے۔ ایک بیان میں سرسبز پاکستان کیلئے عمران خان کے اقدام پرجاپانی سفیر نے کہا کہ آلودگی پر قابو پانے کیلئے یہ تکنیک منفرد اور اس کی ابتدا پودوں کے ماہر جاپانی ڈاکٹر میاواکی اکیرا نے کی تھی۔سفیر نے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجوں پر قابو پانا جاپان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہم عوام کیلئے صاف،سرسبز اور صحت مندانہ ماحول قائم کرنے کیلئے حکومت پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو سراہتے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کے سرسبز پاکستان کی مہم میں جاپانی سفارتخانے نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جاپانی سفارتی مشن کے احاطے میں درجنوں پودے کاشت کئے ہیں۔