سی پیک کے تحت اقتصادی زونز سے خوشحال اور صنعتی پاکستان بنے گا، عاطف بخاری

پشاور:وزیر مملکت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری، جامع معاشی وصنعتی ترقی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور برآمدی پیداوار کو فروغ دینے جیسے اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہے ،سی پیک کے تحت اقتصادی زونز کے قیام سے ایک خوشحال اور صنعتی پاکستان بنے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کے زیراہتمام منعقدہ سی پیک صنعتی تعاون کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عاطف بخاری نے کہا کہ اقتصادی زونز ایک خوشحال اور صنعتی پاکستان کا باعث بنیں گے ، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں نجی شعبے کو آگے آکر قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ان زونز میں ٹیکسٹائل انجینئرنگ، بجلی اور الیکٹرانکس، کیمیکل پینٹ، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، سٹیل اور پیکیجنگ کے شعبے میں صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ پاک چین جغرافیائی قربت ان اقتصادی زونز کی آباد کاری اور باہمی معاشی فوائدکے حصول میں معاون ثابت ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ نے اقتصادی زونز کو تمام سہولیات کی فراہمی و مراعات دینے کا عمل تیز کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسیاں مرتب کرنا ہماری ترجیح ہے جن سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لائی جا سکے جس کیلئے سرمایہ کاری بورڈ پانچ شعبوں کو ترجیح دے رہاہے جن میں آئی ٹی انڈسٹری، ہائوسنگ و تعمیرات، فوڈ پراسیسنگ و زراعت، سیاحت اور لاجسٹکس شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا کے سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن داد نے کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ پاک چین اقتصادی رہداری کے تحت خیبر پختونخوا کے اہم منصوبے رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں تیزی سے کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار ایکٹر اراضی پر مشتمل یہ زون صوبے میں تیز رفتار صنعتکاری کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا۔صوبائی وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ یہ خوش آئند بات ہے کہ خیبرپختونخوا میں بین الاقوامی کانفرنسیں ہورہی ہیں جہاں پہلے لوگ آنے سے ڈرتے تھے، آج 100 سے زائد انٹرنیشنل کمپنیاں سوشل میڈیا کے ذریعے اس تقریب کا حصہ تھیں، سی پیک میں ٹورازم کو اہمیت حاصل ہے، مائنز اینڈ منرل کا سیکٹر بھی ترقی پزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا سب سے بڑااثاثہ صوبے کے نوجوان ہیں، ہمارے نیشنل آئی ٹی ہاوسز میں بھی انویسٹمنٹ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ آئی ٹی سیکٹر میں آن لائن مارکیٹوں میں ہمارے صوبے میں سب سے کم ٹیکس ہے، ہمیں جہاں اچھا پارٹنر ملے گا ان کو سہولیات دینگے۔انہوں نے کہاکہ رشکئی اکنامک زون کامیاب ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سی پیک سست روی کا شکار نہیں ہے۔