حکومت کورونا کے دوران صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین فراہم کرے اور خصوصی پیکچز بھی دے ،پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن


وفاقی و صوبائی حکومتوں نے بیانات کی حد تک تو صحافیوں کو ہیلتھ اور سیکیورٹی ورکرز کی طرح فرنٹ لائن پر لڑنے والا تسلیم کیا مگر ان کی جانیں بچانے کے لئے عملا بہت ہی کم اقدامات کئے گئے

اسلام آباد:پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے سینئر صحافیوں سہیل عبدالناصر اور جوہر مجید کے کرونا کے باعث انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی دونوں مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے کرونا کے باعث ملک بھر میں سینئر صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کی مسلسل اموات اور حکومت کی جانب سے صحافی برادری کی فرنٹ لائن پر خدمات کی انجام دہی کے باوجود اسے ہر مرحلہ پر نظرانداز کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن وزیراعظم عمران خان اور تمام وزرائے اعلی کی توجہ صحافی برادری کی طرف دلاتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ پارلیمانی صحافیوں سمیت فرنٹ لائن پر کام کرنے والے تمام صحافیوں کو کرونا ویکیسین لگانے کا فوری انتظام کیا جائے ۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے اس بات پر زور دیاہے کہ حکومت صحافی برادری کے لیے صرف اعلانات تک محدود رہنے کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے کیونکہ کرونا کے آغاز سے لیکر وفاقی و صوبائی حکومتوں نے بیانات کی حد تک تو صحافیوں کو ہیلتھ اور سیکیورٹی ورکرز کی طرح فرنٹ لائن پر لڑنے والا تسلیم کیا مگر ان کی جانیں بچانے کے لئے عملا بہت ہی کم اقدامات کئے گئے نہ تو صحافیوں کو حفاظتی کٹس فراہم کی گئیں اور نہ ہی ان کے لیے دیگر ضروری اقدامات اٹھائے گئے ۔جس کا نتیجہ تھا کہ پچھلی لہر کے دوران سینئر صحافی ارشد وحید چوہدری اور طارق محمود ملک اور کئی دیگر صحافی و میڈیا کارکن کرونا کے باعث خالق حقیقی سے جاملے ۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے کرونا کا شکار ہونے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کے خاندانوں کے لیے خصوصی پیکجز دئیے جو خوش آئندہے مگر صحافی برادری کو اس مرحلہ پر بھی نظرانداز کردیا گیا ۔