تمام انتظامات مکمل ہیں آٹھ اپریل کا لانگ مارچ ہر صورت ہو گا، ملک ابرار کا عزم


اسلام آباد(نیوزرپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈکالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے کہا ہے کہ 8 اپریل کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا جس کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ ایسوسی ایشن سمیت سول سوسائٹی، وکلا، اساتذہ ،تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملک بھر کی مختلف ایسوسی ایشنز اور مکتبہ فکر کے رہنماں سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ ملک ابرار حسین نے کہا کہ کورونا کی آڑ میں تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش ملکی معاشی، سماجی و تعلیمی ترقی لے لیے زہر قاتل کے مترادف ہے ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے والے تعلیمی اداروں کو کھولنے کی اجازت دے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی تو احتجاج کا قانونی حق استعمال کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کی دیگر تنظیموں نے بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش سے تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے ملک بھر میں اپنے ممبران کو ہدایت کی کہ لانگ مارچ کی تیاریاں جاری رکھیں اور 8 اپریل کو اسلام آباد ہر صورت پہنچیں۔