
اسلام آباد حکومتِ پاکستان نے تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی )کو کالعدم قرار دے دیا وزارت داخلہ کی جانب سے انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تنظیم پر پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ جمعرات کو جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس ایسی وجوہات موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے، اور اس تنظیم نے ملک کی سکیورٹی اور امن و امان کو نقصان پہنچایا ہے۔عوام کو ڈرا دھمکا کر لاقانونیت کی صورتحال پیدا کی، انسانی جانوں کو نقصان پہنچایا، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور راہگیروں کو زخمی اور ہلاک کیا، شہریوں اور افسران پر حملہ کیا۔نوٹی فیکیشن میں مزید کہا گیا ہے تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے وسیع پیمانے پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، دھمکیاں دی گئیں اور نفرت پھیلائی گئی، عوامی اور سرکاری املاک کو آگ لگائی جبکہ ہسپتالوں کو ہیلتھ سپلائز کی ترسیل میں رکاوٹ کھڑی کی گئیںاور ایسے کام انجام دیے جس سے ملک کے امن اور سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو گئے۔ ان سرگرمیوں کے نتیجے میں حکومت پاکستان اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 11بی(1) کے تحت تحریک لبیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کررہی ہے۔



