اسلام آباد:پاکستان اور چین کے مابین تراجم و اشاعت کے سلسلے میں ایم او یو کے تحت ابتدائی اجلاس، اکادمی ادبیات پاکستان میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر یوسف خشک، چیئرمین اکادمی نے اس سلسلے کی پہلی میٹنگ میں شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے اجلاس میں شمولیت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ملک کے نامور اہل قلم پروفیسر فتح محمد ملک، افتخار عارف، کشور ناہید، ڈاکٹر ر ف پاریکھ ، حفیظ خان، حارث خلیق ، ڈاکٹر عبد اللہ جان عابد، ڈاکٹر حاکم علی بڑرو ڈاکٹر واحدبخش بزدار، محمد عاصم بٹ اور اختر رضا سلیمی نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت سے طے پایا کہ پاک۔ چین کے ادب کے تراجم کے سلسلے میں پاکستان کی تمام زبانوں کو مناسب نمائندگی دی جائے گی جس کے تحت ملک کے تمام صوبوں سے اہل قلم جو متعلقہ زبانوں کی نمائندگی کریں گے، کی باہمی مشاورت سے ایک فہرست مرتب کی جائے گی تاکہ پاکستان کی مختلف زبانوں میں تخلیق کیے جانے والے ادب کو چین کے قارئین کی دلچسپی کے لیے موزوں بنایا جاسکے۔



