چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نیوزی لینڈ سے لاہور پہنچ گئے.
کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر آگئی،چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم شیڈول کے مطابق تیسرا ٹی ٹونٹی لاہور میں کھیلے گی، نیوزی لینڈ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں شرکت کامیاب رہی۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے،نجم سیٹھی ایمریٹس کی پرواز 622 کے ذریعے براستہ دبئی لاہور پہنچے۔ دورہ نیوزی لینڈ میں چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ سری لنکن کرکٹ بورڈ اور ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے چیف سے ملاقاتیں بھی کی ،جس میں دونوں بورڈ کے عہدیدران کو پاکستان کے دورے کے لیے قائل کیا گیا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچنے پر نجم سیٹھی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ دیوانوں کو خوشخبری سنا دی، ان کا کہنا ہے کہ سری لنکن کھلاڑیوں کے پاکستان نہ آنے کی خبروں میں صداقت نہیں، آکلینڈ میں آئی سی سی اجلاس کے دوران سری لنکن کرکٹ چیف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹیم پاکستان میں تیسرا ٹی ٹونٹی کھیلے گی۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا بھارتی بورڈ کیساتھ جاری قانونی جنگ ضرور جیتیں گے،چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 29 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ایک بار پھر میلہ سجے گا جس کے لیے تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کے کامیاب دورے کے بعد آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے شیڈول کا اعلان بھی بہت جلد کردیا جائے گا۔




