نوجوان نسل سابق وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں سیاسی اور سماجی انقلاب لائے گی اہل وطن خوش حال پاکستان کیلئے نڈر،بے مثال اور جرات مند قیادت چاہتے ہیں

اسلام آباد (نیوزرپورٹر) ممتاز سماجی شخصیت،موڈیویٹر اورعمران خان کے معتمد خاص ریٹائرڈ پرگیڈیئر ٹیپو سلطان نے کہا ہے کہ خیبر پختون خواہ ، سندھ اور پنجاب کے صوبائی دارالحکومتوں میں پی ٹی آئی کے عدیم المثال جلسوں میں شریک شہریوں کی ریکارڈ تعداد نے ثابت کر دیا کہ قوم آزادی،خودمختاری اور قومی حمیت کی محافظ ہے اور وہ عمران خان جیسی نڈر،بے مثال اور جرات مند قیادت کی خواہش مند ہے جو بیرونی دباو خاطر میں نہ لائے ۔ راولپنڈی ،اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان ملکی تاریخ کے وا حد لیڈر ہیںجنہوں نے پاک وطن کی سر بلندی کے لیے بڑی طاقتوں کی پالیسیوں اور امریکہ کی ڈکٹیشن نظر انداز کرتے ہوئے قومی مفاد کو ترجیح دی۔برگیڈیئر ٹیپو سلطا ن نے کہا کہ اسلامی تاریخ صلاح الدین ایوبی اور شیر میسور ٹیپو سلطان کے تذکرے سے روشن ہے ۔ ماضی کی مسلمان قیادت نے انگریزوں اور ان کے حواریوں کے ساتھ ہر سطح پر سازشوں کا بھی مقابلہ کیا۔ اسی طرح عمران خان نے بھی اپنے اسلاف کی روشن روایات کی پاسداری کر رہے ہیں۔پرگیڈیئر ٹیپو سلطان نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ چھ مئی سے 19مئی تک تحریک انصاف کے جلسوں کی کامیابی کے ہر محاذ پر سرگرم رہ کر خود کو پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بنائیں ۔انشا اللہ مضبوط، روشن ،مستحکم ،خود دار اور خواندہ پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم یہ منزل ضرور حاصل کریں گے۔



