پاکستان میں سیلاب اور معاشی مشکلات پر امام کعبہ بھی رنجیدہ

دعا ہے اللہ ہر آفت اور بلا سے پاکستان کی حفاظت کرے،عبدالرحمان السدیس


مکہ مکرہ:پاکستان میں سیلاب کی بڑھتی تباہ کاریوں اور دگر گوں معاشی حالات پر امام کعبہ سربراہ اعلی حرمین شریفین انتظامیہ ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ پاکستان کو ہر آفت اور بلا سے بچائے ۔
پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور خراب معاشی صورت حال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ اپنی رحمت اور فضل سے پاکستان کو ان مشکلات سے نکالے ۔
ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس جو پاکستان کے کئی دورے کر چکے ہیں اور پاکستان اور پاکستانیوں سے گہرے محبت رکھتے ہیں ۔ وہ اس وقت پاکستان کی مشکلات اور مصائب پر بہت رنجیدہ ہیں۔
سربراہ اعلی حرمین شریفین انتظامیہ ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دے کر مملکت کے تاریخی روایتی موقف کو اجاگر کیا ہے۔
ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے حوالے سے پرعزم ہیں، خوشی اورغم میں پاکستانی بھائیوں کا ساتھ سعودی قیادت کا شیوہ ہے، اس پر ہماری قیادت قابل قدرو تحسین ہے۔
سربراہ اعلی حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا کہ دعا ہے اللہ ہر آفت ، بلا سے پاکستان کی حفاظت کرے.۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت نے ہمیشہ ہر شعبے میں پاکستان اور سعودی مضبوط تعلقات کے استحکام کا خیال رکھا ہے اور آئندہ بھی رکھا جائے گا۔