بدقسمتی سے استاد کو اس کا جائز مقام ملنے کی بجائے اس کی حق تلفی عام ہوچکی ہے جس سے پاکستانی استاد دلبرداشتہ ہے
آل پاکستان پرائیویٹ سکول اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدرکایوم استاد کے موقع پر مختلف تعلیمی اداروں کی تقاریب سے خطاب

سلام آباد(خصوصی رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکول اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرارحسین نے کہاہے کہ اس وقت پچاس لاکھ کے قریب اساتذہ شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں جو دن رات ملک و قوم کی ترقی،بہتری اور فلاح وبہبود کے لیے کوشاں ہیں۔پانچ اکتوبر یوم استاد کے موقع پر مختلف تعلیمی اداروں میں منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک ابرارحسین کا کہنا تھاکہ قوم ہر سال اس دن کو یوم استاد کے طورپر مناتی ہے اساتذہ ایک معزز اور اہم پیشے کے ساتھ وابستہ ہیں جو نئی نسل کی ذہنی آبیاری کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کے مستقبل کے ضامن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شعبہ تدریس سے اس وقت پچاس لاکھ کے قریب اساتذہ وابستہ ہیں جو دن رات ملک و قوم کی ترقی،بہتری اور فلاح وبہبود کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت استاد کو اس کا جائز مقام نہیں دیا جارہاہے اور استاد کی حق تلفی عام ہوچکی ہے جس سے پاکستان استاد ایک طرح سے دلبرداشتہ ہوچکاہے۔انہوں نے یوم اساتذہ کے موقع پر دنیا بھر کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ نسل نو کی بہتری کے لیے اپنے حصے کی شمع کو ہم جلاتے رہیں گے۔ امید ہے اسی سے نئی صبح طلوع ہوگی جو اس قوم کو دنیا کی بہترین قوموں کی صف میں لاکھڑا کرے گی۔انہوں نے کہاکہ استاد ایک مقدس پیشہ ہے جس کی ہمارے دین میں بہت زیادہ اہمیت ہے اور استاد کو روحانی باپ کا درجہ بھی دیا گیاہے۔بلاشبہ قوموں کی ترقی میں اساتذہ کاکردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ استاد کی عزت و تکریم کریں اور بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے استاد کا حقیقی معنوں میں احترام کریں۔



