جدہ اور مکہ میں ہونے والی بارش میں کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں ،سکول اور دفاتر بند لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

جدہ: سعودی عرب کے شہروں جدہ اور مکہ میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی ،دو افراد جاں بحق بڑی تعداد میں لوگ زخمی اور بے گھر ہوگئے ہیں۔کئی گاڑیاں تیز بارش کے پانی میں بہ گئیں ۔مالی نقصانات کی تفصیلات ابھی سامنے آرہی ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں ، سکولوں اور دفاتر میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ جدہ اور مکہ مکرمہ میں موسلا دھار بارش سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش سے سعودی عرب کے شہر جدہ اور مکہ مکرمہ میں نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں۔ شدید بارش سے جدہ اور مکہ روڈ پر ٹریفک کا نظام متاثر ہوگیا جبکہ موسم کی ناموافق صورتِ حال کی وجہ سے جدہ ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش ہے۔بارش کے باعث پروازوں کے عملے کو ایئرپورٹ پہنچنے میں مشکلات پیش ہیں جس سے فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان ایئر لائن کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جدہ ایئرپورٹ پر عملہ مسافروں کی راہنمائی کے لیے موجود ہے، مسافروں سے گزارش ہے کہ اپنی فلائٹ کے لیے ائرپورٹ پانچ گھنٹے پہلے پہنچیں تاکہ ٹریفک جام میں نہ پھنسیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ مسافر پی آئی اے کی ہیلپ لائن، جدہ پی آئی اے آفس اور اپنے ٹریول ایجنٹ سے اپنی پرواز کی روانگی کا وقت معلوم کر سکتے ہیں تاکہ مسافروں کو اپنی پرواز کے حوالے سے دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شدید بارش سے دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ کئی ایک زخمی ہوئے ہیں۔ بڑی تعداد میں گھروں کے باہر کھڑی گاڑیاں بارش کے پانی میں بہہ گئی ہیں۔لوگوں کے گھر بھی متاثر ہوئے ہیں کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور قیمتی اشیاء بارش میں بہہ گئی ہیں۔
سعودی حکومت کی جانب سے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور بنا کسی شدید ضرورت کے گھروں سے نہ نکلیں۔سکولوں اور دفاتر میں چھٹی کر دی گئی ہے۔


