ارجنٹینا فرانس کو ہر ا کر تیسری بار فٹبال کا عالمی چمپئین بن گیا

دوحا:قطر میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو شکست دے کر عالمی چمپئین بن گیا۔ میچ کا فیصلہ پلنٹی شوٹس پر ہوا،ارجنٹینا نے چار پلنٹی شوٹس پر چار گول کئے جبکہ فرانس صرف دو گول کر سکا۔اس سے قبل میچ اضافی وقت میں بھی میچ تین تین گول سے برابر رہا تھا۔ میسی نے اپنے آخری میچ کو یادگار بنادیا۔میچ کے پہلے ہاف میں دو گول کے خسارے میں جانے کے باوجود فرانس نے کم بیک کیا میچ میں ہر بار ارجنٹائن نے پہلے برتری حاصل کی اور فرانس نے اسے بعد میں برابر کیا۔مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں نے دو دو گول کئے تھے اضافے وقت میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا۔
قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈکپ فائنل میں اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے 23ویں منٹ میں فرانس کے خلاف گول اسکور کیا۔ارجنٹینا کے کپتان نے گروپ مرحلے، رانڈ آف 16، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور اب فائنل میں بھی گول اسکور کر دیا۔لیونل میسی نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 26 میچزکھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔
ارجنٹینا نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اینجل ڈی ماریا نے 36ویں منٹ میں ایک اور گول داغ کر فرانس کے خلاف 0-2 کی برتری دلادی۔
پہلے ہاف کے اختتام تک دفاعی چیمپئن فرانس نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکی، ارجنٹینا کو 0-2 کی برتری حاصل تھی۔
دوسرا ہاف شروع ہوا تو دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کی کوشش کی، تاہم 79 منٹ تک کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔بعد ازاں، فرانس کے کھلاڑی کیلانی مباپے نے یکے بعد دیگرے 80ویں اور 81ویں منٹ میں گول اسکور کر دیا، اس طرح ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان جاری فائنل 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔
دوسرے ہاف کے اختتام پر مقابلہ 2-2 سے برابر تھا، میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا ہے۔
مایہ ناز کھلاڑی لیونل میسی نے 108ویں منٹ میں ایک اور گول کرکے ارجنٹینا کو 2-3 سے برتری دلا دی۔لیکن یہ برتری زیادہ تر تک نہیں رہ سکی، فرانس کی جانب سے مباپے نے 118ویں منٹ میں ایک اور گول اسکور کر دیا۔اضافی وقت میں بھی مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا، لہذا میچ کا مقابلہ پنالٹی شوٹ پر ہوا۔
یہاں قسمت نے فرانس کا ساتھ نہ دیا ۔ ارجنٹائن نے چار پلنٹی شوٹس پر چار گول کئے جبکہ فرانس کے کھلاڑیوں نے دو پلنٹی شوٹس ضائع کر دئیے۔
اس طرح فرانس کی ٹیم لگاتار دو ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم نہ بن سکی ۔
یاد رہے کہ 1958 اور 1962 میں لگاتار دو عالمی کپ جیتنے کا اعزاز برازیل کے پاس ہے۔
35 سالہ لیونل میسی دنیا کے بہترین کھلاڑی کا بیلن ڈی اور کا ایوارڈ 7 مرتبہ حاصل کرچکے ہیں لیکن آخری بار جب ان کی ٹیم ورلڈ کپ فائنل میں پہنچی تھی تو اسے 2014 میں جرمنی کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست ہوئی تھی۔