
اسلام آباد
آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق منہاس نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ترقیاتی ویژن ہمارا منشور ہےجو خوشحالی کا ضامن ہے مسلم لیگ ن کی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی بنیاد تین نکات پر ہے ،تعلیم ،صحت اور روزگار ۔سارا کشمیر ایک یونٹ ہے تما م اضلاع کو مساوی بنیادوں پر ترقی دی جائے گی ۔باغ میں ہونے والے اعلانات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور بذات خود ایک ایک منصوبے کی نگرانی کروں گا ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہارایم ایس ایف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوے کہی ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں عوامی حکومت لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے کمربستہ ہو چکی ہے اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں نے خود تما م افسران و عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے دفتروں میں رہیں اور عوام کو سہولت فراہم کریں ۔انہوں نے کہا کہ میں کسی قسم کے پروٹو کول کا قائل نہیں ہوں مگر عوا می خدمت پر کسی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا ۔راجہ مشتاق منہاس نے کہا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی نہ ہی کوئی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جائے گا مگر اگر عوام کے لیے کسی نے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی تو اس سے کسی قسم کی رعائیت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے باغ کے لیے جن جن منصوبوں کا اعلان کیا تھا ان پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا اور میں خود تمام منصوبوں کی نگرانی کروں گا ۔



