عمران مثالیں برطانیہ کی دیتے ہیں نام بھی انصاف پر رکھا ہوا ہے لیکن عدالت میں بھی عدالت کا احترام نہیں کرتے
اسلام آباد:اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں الیکشن کمیشن ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت کے دوران عدالت کے جج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر برہم ہو گئے۔انہوں نے کہا عمران خان عدالت میں اپنے ساتھ غنڈے بدمعاش لے آتے ہیں۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی عدالت میں پیشی کا ذکر کرتے ہوئے جج نے کہا کہ عمران خان ڈھائی ہزار بندے لے کر عدالت آئے۔انہوں نے کہا کہ نام انصاف پر رکھا ہوا ہے اور عدالت میں زندہ باد مردہ باد کے نعرے لگاتے ہیں، عدالت میں اپنے ساتھ غنڈے بدمعاش لے آتے ہیں۔
جمعہ کو انسدادِ دہشتگردی عدالت میں عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست دائرکی گئی جس موقع پر جج نے یہ ریمارکس دئیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے یہ بھی کہا کہ عمران خان برطانیہ کی مثالیں دیتے ہیں اور عدالت میں بھی عدالت کا احترام نہیں کرتے۔
دوران سماعت تحریکِ انصاف کے وکیل بابراعوان نے جج سے سوال کیا کہ اگر الیکشن کمیشن کے سامنے ہنگامہ آرائی دہشت گردی ہے تو پولیس لائنز پشاور میں 99 لاشیں کیا تھیں؟جس پر جج نے کہا کہ اب تو سیاسی دہشت گردی بھی شروع ہوگئی ہے۔



