سعودی عرب کے شہروں میں بھی چھکوں اور چوکوں کی بارش کی منصوبہ بندی کی جانے لگی

ریاض:مسلم دنیا کے قابل احترا م ملک سعودی عرب کے ریگستانوں میں بھی اب چوکوں چھکوں کی بارش کا امکان ہے ۔متحدہ عرب امارات کی طرح سعودی عرب میں بھی بڑی تعداد میں بھارتی، سری لنکن ، بنگلہ دیشی اور پاکستانی شہری رہائش پذیر ہیں اور وہاں کرکٹ کو کافی پذیرائی حاصل ہے۔
ذرائع کے مطابق دنیا کی مہنگی ترین کرکٹ لیگ کرانے کے لیے بات چیت کا آغاز ہوگیا ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے آئی پی ایل منتظمین کے ساتھ لیگ کرانے کے لیے رابطہ کیاہے، جس پر بہت بڑی رقم خرچ کی جائے گی۔
آئی سی سی چیئرمین بھی کرکٹ مقابلوں کو کھیل کے فروغ کے لیے سعودی عرب میں مقابلوں کے حق میں ہیں۔
سعودی عرب میں سیاحت ویژن دوہزار تیس کے تحت فٹبال، گراں پری فارمولاہ ون سمیت دوسرے کھیلوں کے مقابلے تواتر سے ہورہے ہیں تو ایسے میں کرکٹ لیگ نمایاں کردار ادا کرسکتی ہے۔
اگر یہ لیگ ممکن ہوپاتی ہے تو پھر اس میں انڈین کرکٹرز کی شرکت کے لیے بھی پالیسی میں تبدیلی کی جائے گی۔
اس اقدام سے سعودی عرب میں کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا ۔ ایک امیر ملک ہونے کے باعث سعودی عرب زیادہ معاوضہ بھی دے سکتا ہے اور دنیا کے بڑے بڑے کرکٹر وہاں کھیلنے میں فخر محسوس کریں گے۔
اگر یہ سلسلہ چل نکلا تو کچھ عرصہ بعد سعودی عرب میں کھیلنے جانے والی یہ لیگ دنیا کا سب سے بڑا اور مہنگا کرکٹ ٹورنامنٹ ہوگا۔




