
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023جو بھارت میں منعقد ہورہا ہے اس میں شرکت کے لئے حکومت پاکستان سے اجازت طلب کی ہے کہ بھارت جاکر کرکٹ کھیلی جائے یا نہیں۔ذرائع کے مطابق
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ ٹیم کے بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کی اجازت کیلئے حکومت کو خط لکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے یہ خط وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے توسط سے پیٹرن ان چیف وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھاہے ۔ چند روز قبل بھارت میں ورلڈ کپ کی شرکت کے معاملے پر لکھے گئے خط کی کاپی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو بھی بھیجی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ پی سی بی نے ورلڈ کپ میں شرکت پر رہنمائی کیلئے حکومت کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ بھارت میں ہو رہا ہے اس حوالے سے بتایا جائے کہ شرکت کرنا ہے یا نہیں؟ کس کس مقام پر کھیلنا ہے اس حوالے سے بھی ہدایت جاری کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے خط کے ساتھ تمام وینیوز کی فہرست بھی حکومت کو بھیجی ہے اور کہا ہے کہ روانگی کے فیصلے سے قبل اگر وفد بھارت بھیجنا ہے تو اس کا بھی فیصلہ کر لیا جائے۔
خط کے متن کے مطابق 2016 میں بھی بھارت روانگی سے قبل ایک وفد بھارت گیا تھا، وفد بھیجنے کے حوالے سے سے پی سی بی معاونت کیلئے تیار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے خط وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو بھی بھیجا ہے۔
یاد رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ بھارت میں اس سال اکتوبر نومبر میں منعقد ہورہا ہے۔
اگر پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جاتی ہے تو پاکستان بھارت کے 5 مختلف شہروں میں 9 لیگ میچز کھیلے گا۔
6 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ کوالیفائر نمبر 1
12 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ کوالیفائر نمبر 2
15 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ انڈیا
20 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا
23 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ افغانستان
27 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا
31 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ بنگلادیش
4 نومبر: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ
12 نومبر: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ



