اسلام آباد:پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان رواں ماہ کھیلنے جانے والے 5 ٹی 20 میچز کی سیریز میں ایک بار پھر نیوزی لینڈ کی سٹارز سے عاری بی ٹیم ہی پاکستان کا دورہ کرے گی،کیونکہ نیوزی لینڈ کے ٹاپ کرکٹرز اس بار بھی آئی پی ایل میں ڈالرز کمانے میں مصروف ہیں ۔اس طرح نیوزی لینڈ گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی پاکستان کے ٹور پر اپنی دوسرے درجے کی ٹیم بھیجے گا، اس بار بھی وجہ آئی پی ایل ہی ہے۔
5 ٹی 20 میچز کی سیریز کیلئے پاکستان آنے والی نیوز ی لینڈ کی ٹیم سپر سٹارز کین ولیمسن، ڈیرل مچل، گلین فلپس، لوکی فرگسن، مچل سینٹنر، میٹ ہینری، راچن رویندرا، ڈیون کونووے اور ٹرینٹ بولٹ آئی کے بغیر پاکستان آئے گی کیونکہ مذکورہ سٹار اس وقت ہندوستان میں آئی پی ایل میں مصروف ہوں گے۔
کم تجربہ کار ٹیم پاکستان بھیجے جانے کا امکان ہے اس میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جنہوں نے ڈومیسٹک ٹی 20 ایونٹ سپر سمیش میں اچھی کارکردگی پیش کی ہے۔
گزشتہ برس بھی ایسی ہی صورتحال تھی جب ٹام لیتھم نے ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان میں دوسرے درجے کی ٹیم کی قیادت سنبھالی لیکن اس بار کپتانی ٹم سائوتھی کرسکتے ہیں۔ڈومیسٹک ٹی 20 ایونٹ میں ہینری نکلز ٹاپ سکورر رہے ہیں ان کا ٹیم میں جگہ کیلئے لیتھم، ٹم روبنسن اور چیڈ بوز کے ساتھ مقابلہ ہو گا۔
روبنسن اور ول ینگ وہ 2 پلیئرز ہیں جنہوں نے سپر سمیش میں سنچریاں سکور کی ہیں، چیڈ بوز گزشتہ دورہ پاکستان میں اچھا پرفارم کرچکے ہیں اسی طرح ریگولر ٹی 20 سکواڈ ممبرز فن ایلن، ٹم سیفرٹ، جمی نیشم اور ایش سوڈھی بھی سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔
دورہ پاکستان کیلئے نیوزی لینڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں فن ایلن، ول ینگ، ٹم سیفرٹ، مارک چیپمین، جمی نیشم، جوش کلارکسن، مچل بریسویل، ٹم ساتھی، ایڈم ملن، بین سیئر، ایش سوڈھی، بین لسٹر، جیکب ڈفی، ٹم روبینسن، ہینری نکلز، چیڈ بوز اور ٹام لیتھم شامل ہیں۔



