عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید 2 ساتھیوں سمیت گرفتار، آئی جی پنجاب نے تصدیق کردی

شیخ رشیدنو مئی کے واقعات میں مطلوب تھےلیکن پولیس کے ہتھے نہیں آرہے تھے

اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے وہ نو مئی کے واقعات میں مطلوب تھے،لیکن پولیس کے ہتھے نہیں آرہے تھے۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید کو راولپنڈی کی نجی ہاسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس ان کے بھتیجے شیخ شاکر اور ان کے ملازم شیخ عمران کو بھی ساتھ لے گئی ہے۔ قبل ازیں ان کی گرفتار ی کی تصدیق نہیں ہورہی تھی تاہم اب آئی جی پنجاب عثمان انور نے شیخ رشید کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے بھی انکی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق خان کا کہنا ہے کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے ساتھ دو لوگوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔سردارعبدالرازق نے بتایا کہ شیخ رشید کو اسلام آباد پولیس اور سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے گرفتار کیا، اسلام آباد پولیس شیخ رشید کو لے کر روانہ ہوگئی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شیخ رشید کے خلاف پنجاب میں کوئی مقدمہ نہیں۔
دوسری جانب شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے اس حوالے سے جاری ویڈیو پیغام میں بتایا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ کو پنجاب پولیس کی بھاری تعداد نے بحریہ ٹائون کے فیز 3 سے گرفتار کیا، یہ نہیں معلوم کہ وہ اس وقت کہاں پر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید کے ساتھ راشد شفیق کے بڑے بھائی شیخ شاکر اور پرسنل سیکریٹری شیخ عمران کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور اسلام آباد کی پولیس نے ہائیکورٹس میں لکھ کردیا ہوا ہے شیخ رشید ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں، انہوں نے پہلے دن سے نو مئی واقعات کی مذمت کی ہے، میں بھی کرتا ہوں۔راشد شفیق نے کہا کہ اعلی اداروں سے کہتا ہوں شیخ رشید احمد، شیخ شاکر اور ملازم کہاں ہیں بتائیں، کسی پرچے میں نامزد ہیں تو تھانے پیش کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم قانونی جنگ لڑیں گے، فوری طور پر بتایا جائے شیخ رشید احمد کون سے تھانے میں ہیں اور کس کیس میں نامزد ہیں، ہمارے وکیل سردار عبدالرازق اسلام آباد ہائیکورٹ اور پنڈی ہائیکورٹ میں رٹ دائر کریں گے۔شیخ راشد شفیق نے کہا کہ شیخ رشید کی جان کو کچھ بھی نقصان ہوا تو پنجاب اور وفاقی حکومت اس کی ذمہ دار ہو گی۔
ادھر آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے نو مئی کو جلا گھیرا سمیت مختلف مقدمات پر سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو گرفتار کر لیا ہے۔بی سی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نو مئی کو جلا گھیرا سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کی گرفتاری کی تردید کی تھی۔
یاد رہے کہ شیخ رشید احمد 9 مئی واقعات کے بعد سے منظرعام سے غائب تھے۔
یا د رہے کہ شیخ رشید سیاسی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور پی ٹی آئی کے اتحادی رہے ہیں اور ماضی میں داخلہ جیسی اہم وزارت بھی ان کے پاس رہی ہے۔