اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر دو ہفتے کی پابندی عمران خان بھی متاثر

اڈیالہ جیل پہنچنے والے پی ٹی آئی رہنماعمرایوب ، فردوس شمیم نقوی اورعاطف خان اور شہرام ترکئی کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا

لاہور :محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات پر دو ہفتے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس پابندی سے عمران خان برائہ راست متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ روز ان سے جیل میں ملاقات کرنے والے پارٹی رہنمائوں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے عائد کی گئی ہے۔اس طرح اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان ، شاہ محمود قریشی اور پرویزالہی بھی اس پابندی سے متاثر ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ پابندی ان کی وجہ سے لگائی گئی تھی لیکن اس سے دوسرے قیدی بھی متاثر ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل جیل انتظامیہ نے عدالتی احکامات پر منگل اور جمعرات کا دن ملاقاتوں کیلئے مختص کر رکھا تھا۔
جیل کے گیٹ نمبر 5 کے سامنے میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دوسری طرف لاہور میں انسداد دہشتگری عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی آنت میں تکلیف تھی، سپریٹنڈنٹ جیل کو ہمیں بتانا چاہیے تھا کہ ہم اپنے ڈاکٹرز ارینج کرتے۔ جب کہ سپریٹنڈنٹ جیل کہتے ہیں کہ ہمیں اوپر سے اجازت لینا پڑتی ہے۔علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی ٹھیک ہیں۔ڈیل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عمران خان کی بہن نے کہا کہ ڈیل کا مطلب ہے چپ رہیں۔
اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب نے کیا ہے جس کا اطلاق 2 ہفتوں کے لیے ہوگا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اس پابندی کے باعثپی ٹی آئی رہنماں کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات سے روک دیا گیا۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچنے والے رہنماں کو ملنے کی اجازت نہ ملی
پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگادی ہے، پولیس نے اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیرئیر لگادیے ہیں، جیل کے باہر خاردار تاروں کی تنصیب اور اندر ہر شخص کی تلاشی لینے کی ہدایت کی گئی ہے، جیل کے اطراف کلیئرنس آپریشن کرنیکا بھی حکم جاری کیا گیا ہے۔پولیس کی جانب سے میڈیا کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ میڈیا کو آج کوریج کی اجازت نہیں، میڈیا ٹیمیں جیل سے 2 کلومیٹر دور چلی جائیں۔
اڈیالہ جیل پہنچنے والے پی ٹی آئی رہنماعمرایوب ، فردوس شمیم نقوی اورعاطف خان اور شہرام ترکئی کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا۔عمر ایوب نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کے باعث ملاقات پر پابندی ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بھی موجود نہیں۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب کی عمران خان سے ملاقات کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاہے کہ اس حوالے سے مناسب احکامات جاری کریں گے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصرعباس نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔