ٹی 20 فزیکل فٹنس کیمپ کیلئے طلب کھلاڑیوں میں نام شامل

لاہور :لیفٹ آرم سپن بولر عماد وسیم کے بعد لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کی بھی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی ہو گئی ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے حال ہی میں عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اپنا فیصلہ واپس لیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل 26 مارچ سے کاکول میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی فزیکل کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیاہے جس میں ان دونوں کے نام بھی شامل ہیں۔پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد کیمپ میں ایک خاص حکمت عملی کے مطابق کھلاڑیوں کو آنے والی سیریز اور ٹورنامنٹ کے لیے تیار کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 29 کھلاڑی منگل کے روز سے کاکول ایبٹ آباد میں منعقدہ فٹنس کیمپ میں حصہ لینے کیلئے آج رپورٹ کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ یہ کیمپ پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد کر رہا ہے جس میں ایک خاص حکمت عملی کے مطابق کھلاڑیوں کو آنے والی سیریز اور ٹورنامنٹ کے لیے تیار کیا جائے گا، جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور امریکا و ویسٹ انڈیز میں منعقدہ آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شامل ہیں۔
کیمپ 26 مارچ سے شروع ہوگا اور 8 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔ کیمپ میں بنیادی توجہ ٹیم کی تیاری پر ہوگی اور اس کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی طاقت کو بڑھانا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بہترین حالت میں ہوں۔کیمپ میں تجربہ کار ٹرینرز اور کوچز کی رہنمائی میں کھلاڑی ایک جامع پروگرام کے تحت ٹریننگ حاصل کریں گے جو ان کی فٹنس لیول، چستی، لیڈرشپ اور اسٹریٹجک سوچ اور میدان میں مجموعی کارکردگی کو بلند کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔کیمپ میں شامل کھلاڑیوں میں ریٹائرمنٹ واپس لینے والے کھلاڑیوں عماد وسیم اور محمد عامر کے علاوہ بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ، سعود شکیل، عثمان خان، محمد حارث، سلمان علی آغا، اعظم خان اور افتخار احمد شامل ہیں۔اس کے علاوہ عرفان خان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، محمد نواز، مہران ممتاز، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس آفریدی، حسن علی، محمد علی، زمان خان، وسیم جونئیر، عامر جمال، حارث رف اور محمد عامر بھی فٹنس کیمپ کا حصہ ہوں گے۔
یا د رہے کہ عماد وسیم اور محمد عامر نے کرکٹ بورڈ کے روئیہ سے مایوس ہو کر ٹیسٹ اور عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا ۔لیکن حال ہی میں دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور نئے چئیرمین کی آمد کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر انہیں کیمپ میں طلب کر لیا گیا ہے۔


