گیری کرسٹن انگلینڈ کے ٹور پر ٹیم کو جوائن کر لیں گے جبکہ جیسن گلسپی بنگلادیش سیریز میں ٹیم کو جوائن کریں گے
اظہر محمود دونوںفارمیٹ میں ان کے نائب ہوں گے،زبان کے مسئلے میںبھی کوچز اور کھلاڑیوں میں مدد گار ہوںگے

لاہور:گیری کرسٹن وائٹ بال اور جیسن گلیسپی کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے ،جبکہ اظہر محمود دونوں فارمیٹ میں ان کے نائب ہوں گے ۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ اور چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق جنوبی افریقی کرکٹر گیری کرسٹن کو پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ جبکہ سابق آسٹریلین فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو ریڈ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ سابق پاکستانی آل رائونڈر دونوں فارمیٹ میں انکے نائب ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں اظہر محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج کی پریس کانفرنس قومی ٹیم کے کوچز سے متعلق ہے۔ محسن نقوی نے بتایا کہ سابق آسڑیلوی فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا کوچ لا رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے سابق اوپنر گیری کرسٹن قومی وائٹ بال ٹیم کے کوچ ہوں گے، گیری کرسٹن انگلینڈ کے ٹور پر ٹیم کو جوائن کر لیں گے جبکہ جیسن گلسپی بنگلادیش سیریز میں ٹیم کو جوائن کریں گے، ان غیر ملکی کھلاڑیوں کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ہمارے پوٹینشل پر اعتماد ہے۔انہوں نے بتایا کہ اظہر محمود دونوں فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے، یہ وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ ٹیموں کو جوڑیں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کرکٹ بورڈ کا کام پیسے اکٹھے کرکے بینکوں میں جمع کرنا نہیں، امید ہے کہ ہم پاکستان کرکٹ کے لیے بہتر کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی لا رہے ہیں، ویمن کرکٹ کو برابری پر اوپر لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا فزیو تھراپسٹ کے لیے ڈیوائسز منگوا لی ہیں، کل کوئٹہ قلات میں آندھی طوفان آیا، لڑکے ٹیپ بال کرکٹ کھیل رہے تھے، دیوار گرنے سے کھلاڑی زخمی ہوئے، 3 کی حالت تشویشناک ہے، ان کا علاج کرائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے، 7 مئی کو ہماری انٹرنیشنل بڈ ہے، ایسی کمپنیاں ہوں گی جو انٹرنیشنل اسٹیڈیمز کا تجربہ رکھتی ہیں، ہم تاخیر کا شکار ہیں لیکن جلد از جلد کام مکمل کریں گے۔
قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا احسان اللہ کے علاج کے حوالے سے شکایت ملی تھی، منگل بدھ تک پینل کی رپورٹ آجائیگی، ابھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا لیکن جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف ایکشن ہوگا، ہمارے لیے سب کرکٹرز اہم ہیں۔
کراچی میں قومی ویمن کرکٹرز کی کار کو حادثے سے متعلق سوال پر محسن نقوی کا کہنا تھا ہماری ویمن کرکٹرز بغیر بتائے کیمپ سے گئیں، ویمن کرکٹرز کا حادثہ ہوا اور وہ زخمی ہوئیں، ہم نے اس پر ایکشن لیا ہے، خاتون ایس ایس پی کو چیف سکیورٹی افسر مقرر کیا ہے، خواتین کرکٹرز کی سخت مانیٹرنگ ہوگی۔
قومی کرکٹرز کی فٹنس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا فٹنس پرکبھی توجہ نہیں دی گئی، دنیا کے پلیئرزکی فٹنس دیکھیں، ہمیں فٹنس پرکام کرنا ہے، فٹنس کیمپ کی وجہ سے فٹنس کیسے خراب ہو سکتی ہے، غیر ملکی کوچز ٹیم کے ساتھ رہیں گے، ہم کوچز سے ٹیموں سے ہٹ کر بھی کام لیں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا اس وقت حکومت اور کرکٹ بورڈ مستحکم ہے، تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، اپنے کچھ اختیارات سلیکشن کمیٹی کو دیے ہیں، میں سب کچھ اپنے ہاتھ میں نہیں رکھتا ، ہم نے غیر ملکی کوچز کے ساتھ مقامی کوچز کا کمبی نیشن بنایا ہے، ہمیں اپنی غلطیوں کی نشاندہی کر کے انہیں بہتر کرنا ہے، غیر ملکی کوچز کا لانے کا مقصد ٹیم کی بہتری ہے، کسی کھلاڑی کو انگلش نہیں آتی تو وہ سیکھے گا اور اظہر محمود ان کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر اسٹنٹ کوچ اظہر محمود کا کہنا تھا پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ، میرا مقصد پاکستان ٹیم کو اوپر لانا ہے، پہلی مرتبہ دو غیر ملکی کوچز پاکستان آ رہے ہیں، ایسے میں میرا رول بڑا اہم ہو جاتا ہے۔



