لارجر بنچ نے دو ججز کا فیصلہ درست قراردیتے ہوئے عمران خان کی نا اہلی کی درخواست خارج کردی گئی

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے لاجر بنچ نے بھی دو ججز کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ٹیریان کیس ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی ٹیریان کیس میں نا اہلی کی درخواست خارج کردی گئی۔ا س حوالے سے منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے دو ججز کا سنایا گیا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے دی۔ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم کے خلاف مبینہ بیٹی ٹیریان کو چھپانے پر نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں شہری محمد ساجد نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کر رکھی تھی۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں لارجر بنچ نے سماعت کی، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی بنچ میں شامل تھیں۔
درخواست گزار کی جانب سے وکیل حامد علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے، جنہیں مخاطب کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ اس فائل میں ایک بند لفافہ ہے وہ کھولیں، دو ججز کا فیصلہ ہے، دو ججز پہلے ہی اس درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے چکے ہیں، جس کی وجہ سے کیس پہلے ہی مسترد ہوچکا ہے، آپ اس حوالے سے کیا کہتے ہیں؟ 3 میں سے 2 ججز دستخط کر دیں تو اس کا کیا اثر ہوگا؟۔
عدالت کے سوال پر حامد علی شاہ نے مقف اپنایا کہ میں فیصلہ دیکھ کر ہی عدالت کی معاونت کر سکتا ہوں، اس کے لیے 2 یا 3 ہفتے بعد کی تاریخ دے دیں، تاہم عدالت نے ان کی یہ استدعا مسترد کردی، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ جب 2 ججز درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے چکے ہیں تو کیسے تاریخ دے سکتے ہیں؟، ان ریمارکس کے ساتھ ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف درخواست مسترد کردی۔
یاد رہے کہ ٹیریان کیس میں اسلام اباد ہائی کورٹ کے تین رکنی بنچ میں سے دو ممبران نے ایک سال پہلے کیس ناقابلِ سماعت قرار دے دیا تھا، دو ججز نے اپنا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دیا تھا، تاہم چیف جسٹس عامر فاروق نے فیصلہ اپلوڈ ہونے کی کچھ ہی دیر بعد ہٹوا دیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے پریس ریلیز کے ذریعے تین رکنی بینچ تحلیل کر دیا تھا اور اسلام آباد ہائیکورٹ کی پریس ریلیز میں بینچ دوبارہ تشکیل دینے کا لکھا گیا تھا جو بعد ازاں تشکیل پایا، اس بینچ نے آج عمران خان کی ٹیریان کیس میں نا اہلی کی درخواست خارج کردی۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو سابق فیصلہ پڑھنے کا وقت ہی نہ دیا اور حامد علی شاہ کی سماعت دوہفتے تک ملتوی کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی ۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ یاد رہے کہ شہری محمد ساجد محمود نے مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو نااہل کرنے کی استدعا کر رکھی تھی۔



